ہفتہ , 3 جون 2023

نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم : پیشہ ورانہ پیش رفت کے لیے پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ بنانے کا فیصلہ

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) پنجاب حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم کو پیشہ ورانہ انداز میں آگے بڑھانے کے لیے پراجیکٹ مینیجمنٹ یونٹ بنایا جائے گا۔صوبائی وزیرِ ہاؤسنگ میاں محمود الرشید کی زیرِ صدارت پنجاب ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ ایجنسی (پھاٹا) بورڈ کا اجلاس گزشتہ روز محکمہ ہاؤسنگ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈی جی پنجاب ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ ایجنسی (پھاٹا) ضیاء الدین ستی، جنرل سیکرٹری ہاؤسنگ ٹاسک فورس عاطف ایوب سمیت تمام بورڈ ممبران نے شرکت کی۔

اجلاس میں بورڈ ممبران کے مشترکہ فیصلے سے 46 ویں بورڈ میٹنگ میں کیے گئے فیصلوں کی منظوری دی گئی۔اجلاس میں پھاٹا کی استعداد کار میں اضافے کے لیے پھاٹا ممبر زبیر عمران خواجہ کی سربراہی میں بنائی گئی سب کمیٹی نے اپنی سفارشات بھی پیش کیں۔وزیرِ ہاؤسنگ پنجاب میاں محمود الرشید نے کہا کہ بورڈ ممبرز کی مشاورت کے بعد ان سفارشات پر حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں 25 لاکھ سستے گھروں کی تعمیر ایک عظیم منصوبہ ہے جسے مناسب انداز میں پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے پھاٹا کی استعداد کار میں اضافہ بہت ضروری ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم کو پیشہ ورانہ انداز میں آگے بڑھانے کے لیے پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ کے قیام سے سستے گھروں کی تعمیر کے منصوبے میں مزید بہتری لائی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ لودھراں، چشتیاں اور رینالہ خورد اوکاڑہ کے منصوبوں پر کام آخری مراحل میں ہے۔ دوسرے مرحلے میں سیالکوٹ اور چنیوٹ میں نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیم کے تحت سستے گھروں کی تعمیر پر کام جاری ہے۔

ان کے بقول ان شہروں میں ہاؤسنگ اسکیموں کے لے آؤٹ پلانز اور پی سی تیار کیے جا چکے ہیں اور جلد یہاں بھی ترقیاتی کام شروع کر دیا جائے گا۔ بعد ازاں فیصل آباد، بوریوالہ اور لیہ میں ہاؤسنگ منصوبوں پر کام شروع کیا جائے گا۔

یہ بھی دیکھیں

’پلس وسیم اکرم ‘عثمان بزدار کا سیاست سے دست بردار ہونے کا اعلان

کوئٹہ: پی ٹی آئی کے رہنما اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے پی ٹی …