جمعہ , 19 اپریل 2024

سانحہ ساہیوال:ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے، وزیراعظم

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی حکومت نے سانحہ ساہیوال کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن بنانے کا عندیہ دے دیا۔وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا جس میں ساہیوال واقعہ کے حوالے سے جے آئی ٹی رپورٹ پر بحث بھی کی گئی۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ساہیوال واقعہ کے حوالے سے بیوروکریسی پر دھیان رکھیں، بیوروکریسی ساہیوال واقعے پر اثر انداز نہ ہونے پائے اور واقعے پر میڈیا کو اعتماد میں لیا جائے۔

پارلیمانی پارٹی اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ساہیوال کیس کی تحقیقات سے متعلق خود کو آگاہ رکھ رہا ہوں، واقعے میں ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے، متاثرہ خاندان کو انصاف دلانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات اٹھائیں گے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کو پولیس اصلاحات کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت کی ہے۔ذرائع کے مطابق حکومت کی جانب سے سانحہ ساہیوال پر جوڈیشل کمیشن بنانے کا بھی عندیہ دیا گیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ضرورت پڑی تو ساہیوال واقعے پر جوڈیشل کمیشن بنانے پر غور کرسکتے ہیں، اپوزیشن جوڈیشل کمیشن کے لیے سفارشات دینا چاہے تو سننے کو تیار ہیں۔ان کاکہنا تھا کہ ساہیوال واقعے کی جےآئی ٹی مکمل تحقیقات کررہی ہے، ان تحقیقات کو قوم کے سامنے لائیں گے۔

یہ بھی دیکھیں

سعودی عرب نے 3 ارب ڈالر کے ڈپازٹ کی مدت میں توسیع کردی

کراچی: سعودی عرب نے پاکستان کی معیشت کو استحکام دینے کے لیے پاکستان کے ساتھ …