ہفتہ , 20 اپریل 2024

ملا عبدالغنی برادر قطر سیاسی دفتر کے سربراہ مقرر:طالبان

کابل(مانیٹرنگ ڈیسک) طالبان نے ملا عبدالغنی برادر کو قطر میں اپنے سیاسی دفتر کے سربراہ کے طور پر تعینات کردیا۔افغانستان میں 17 سال سے جاری جنگ کے خاتمے کے لیے امریکا اور طالبان کے درمیان مذاکرات کا سلسلہ جاری ہے اور اسے مزید مؤثر بنانے کے لیے طالبان میں قطر میں کھولے گئے اپنے سیاسی دفتر کی ذمہ داری ملاعبدالغنی برادر کو سونپ دی۔

افغان طالبان نے اعلان کیا کہ تنظیم کے امیر ملا ہیبت اللہ اخونزادہ نے تنظیم کے بانیوں میں شمار ملا عبدالغنی برادر کو سیاسی امور کے لیے اپنا نائب منتخب کیا ہے اور انہیں قطر میں سیاسی دفتر کی قیادت کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔

طالبان کے ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ ملا عبدالغنی کی تقرری کا مقصد امریکا کے ساتھ جاری مذاکرات کو درست سمت میں رکھنا ہے اور اسے بہتر بنانا ہے۔قطری نشریاتی ادارے ‘الجزیرہ’ کے مطابق ملا عبدالغنی برادر جلد قطر پہنچیں گے جہاں امریکا اور طالبان کے درمیان مذاکرات جاری ہیں تاہم وہ آج ہونے والے مذاکرات کا حصہ ہوں گے یا نہیں اس حوالے سے کچھ واضح نہیں۔

رپورٹ میں طالبان کے ذمہ دار اہلکار کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ ملا عبدالغنی کو قطر آفس کی ذمہ داری دینے کی وجہ یہ ہے کہ امریکا مذاکرات میں طالبان کی سینئر قیادت کی شمولیت کا خواہاں ہے۔

ملا عبدالغنی برادر کون ہیں ؟
ملا عبدالغنی برادر کا شمار ان 4 افراد میں ہوتا ہے جنہوں نے 1994 میں تحریک طالبان کی بنیاد رکھی اور 1996 سے 2001 کے دوران وہ کئی اہم عہدوں پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔افغانستان پر 2001 میں امریکی حملے کے بعد ملا عبدالغنی برادر پاکستان فرار ہوئے جہاں انہیں 2010 میں حراست میں لیا گیا اور گزشتہ سال انہیں اکتوبر میں رہائی ملی۔

یہ بھی دیکھیں

عمران خان نے تحریک انصاف کے کسی بڑے سیاسی رہنما کے بجائے ایک وکیل کو نگراں چیئرمین کیوں نامزد کیا؟

(ثنا ڈار) ’میں عمران کا نمائندہ، نامزد اور جانشین کے طور پر اس وقت تک …