جمعہ , 19 اپریل 2024

ہنی مون کے لیے چھٹی : خاتون ٹیچر کی درخواست وائرل

ہنگو(مانیٹرنگ ڈیسک) آج کل پاکستان میں شادیوں کا سیزن عروج پر ہے اور نوبیاہتا جوڑوں کی دلوں میں ایک خواہش ضرور ہوتی اور یہ خواہش ہے شادی کے فوراً بعد ہنی مون پر جانے کی۔اس سلسلے میں سب سے بڑی مشکل کا سامنا ملازم پیشہ افراد کو ہوتا ہے جن کے لیے اپنے دفاتر سے چھٹیاں حاصل کرنا آسان نہیں ہوتا کیونکہ ان افراد کو کبھی چھٹی ملتی ہیں اور کبھی نہیں۔

ایسا ہی ہنی مون کی چھٹیوں کا ایک واقعہ حال ہی میں پاکستان میں پیش آیا ہے جس میں ہنگو میں واقع گورنمنٹ گرلز اسکول کی امینہ ثواب گل نامی ایک خاتون ٹیچر کی جانب سے ہنی مون کی چھٹیوں کے لیے دی جانے والی ایک دلچسپ درخواست انٹرنیٹ پر وائرل ہوئی ہے۔

گورنمنٹ گرلز مڈل اسکول محمد خواجہ ہنگو کی ٹیچر نے اپنی اس دلچسپ درخواست میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کو لکھا ہے کہ ’’جیسا کہ آپ جانتی ہیں میری شادی حال ہی میں ہوئی ہے جب کہ آپ بھی ایک شادی شدہ خاتون ہیں، آپ سمجھ سکتی ہیں کہ ہنی مون پر لطف اندوز ہونا نئے شادی شدہ جوڑوں کی خواہش ہوتی ہے جو اپنے یہ دن یادگار بنانا چاہتے ہیں، یہی سب کچھ ہمارے ساتھ بھی ہے، میں وعدہ کرتی ہوں کہ میں 14 فروری سے 28 فروری کے دوران مری، نتھیا گلی اور مالم جبہ میں ہنی مون منا کر واپس آجاؤں گی‘‘۔

انہوں نے لکھا کہ وہ اس سلسلے میں سرگرمیاں بھی طے کر چکی ہیں لہذا انہیں دو ہفتوں کی تعطیلات دے کر شکریہ کا موقع دیا جائے۔اب ہنی مون کی اتنی دلچسپ اور معصومانہ درخواست کو کون رد کرسکتا تھا اس لیے درخواست قبول ہوگئی اور خاتون ٹیچر کو ہنی مون پر جانے کی اجازت مل گئی۔

یہ بھی دیکھیں

10 جملوں میں لکھے حروف کو کم وقت میں گننے کا ریکارڈ

اربد: ایک اردنی شخص نے اپنی ریاضی کی بھرپور صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے …