جمعہ , 19 اپریل 2024

فیس بک نے کئی ممالک سے غیرمصدقہ اکاوئنٹس معطل کر دیے

واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک)فیس بک نےکئی ممالک میں بنائے گئے کئی غیر مصدقہ اور جعلی اکاؤنٹس کو معطل کرنے کا اعلان کردیا۔فیس بک کی جانب سے جاری ایک اعلامیے کے مطابق ان پیجز، اکاؤنٹس اور گروپس کو اس لیے معطل کردیا گیا ہے کیونکہ وہ ‘جعلی انداز میں’ چلائے جارہے تھے۔

دنیا کے سب سے بڑے سوشل میڈیا پلیٹ فارم کا کہنا تھا کہ اس طرح کے غیرمصدقہ اکاؤنٹس کو سیاست اور انتخابات میں مداخلت کے لیے چلایا جاتا ہے۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ فیس بک نے حالیہ چند ماہ کے دوران میانمار، بنگلہ دیش اور روس میں چلائے جانے والے اس طرح کے کئی گروپس کو معطل کردیا تھا۔

دوسری جانب ٹویٹر نے بھی اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ ایران، وینزویلا اور روس میں محدود پیمانے میں اس طرح کی سرگرمیاں پکڑی ہیں تاہم اس حوالے سے مزید تفصیلات نہیں دی گئیں۔ان اکاؤنٹس کے حوالے سے ٹویٹر کے بیان میں کہا گیا تھا کہ انہوں نے امریکا میں 2018 کے وسط مدتی انتخابات سے قبل اس طرح کے مشکوک اکاؤنٹس کو معطل کردیا تھا۔

رپورٹ کے مطابق فیس بک اور سوشل میڈیا کا ایک اور پلیٹ فارم انسٹاگرام میں افغانستان، جرمنی، بھارت، سعودی عرب اور امریکا سمیت درجنوں ممالک میں اپنی شناخت چھپا کر دوسرے ناموں سے اکاؤنٹس چلائے جاتے ہیں۔فیس بک کا کہنا ہے کہ اکاؤنٹس اشتہارات کی مد میں تقریباً 30 ہزار امریکی ڈالر خرچ کرتے ہیں جس کی ادائیگی امریکی ڈالر، برطانوی پاؤنڈ، کینڈین ڈالر اور یورو میں کی جاتی ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ سروس میں مشکوک سرگرمیوں کی نشان دہی اور معلومات کی فراہمی میں ٹویٹر نے تعاون کیا اور اسی طرح ٹیکنالوجی کی دیگر کمپنیاں بھی تعاون کررہی ہیں جس سے صارفین کے لیے پیدا ہونے والے خطرات سمیت کئی مشکوک سرگرمیوں کو روکا جاسکتا ہے۔

فیس بک نے معطل کیے گئے تازہ اکاؤنٹس کے حوالے سے کہا کہ مختلف ممالک میں روایتی انداز میں خود کو مقامی ظاہر کرنے والے اکثر جعلی اکاؤنٹس استعمال کرتے ہیں اور تازہ واقعات کی خبریں بھی دیتے ہیں۔

فیس بک کی رپورٹ کے مطابق جعلی اکاؤنٹس جن دیگر ممالک سے متعلق ہیں ان میں افغانستان، البانیا، الجیریا، بحرین، مصر، فرانس، جرمنی، بھارت، انڈونیشیا، عراق، اسرائیل، لیبیا، میکسیکو، مراکش، پاکستان، قطر، سعودی عرب، جنوبی افریقہ، سوڈان، شام، امریکا اور یمن کے علاوہ دیگر ممالک شامل ہیں۔

یہ بھی دیکھیں

گوگل ایپ میں سرچ بار کی جگہ تبدیل کرنے کی تیاری

کیلیفورنیا: 2021 میں آزمائے جانے کے بعد گوگل ایپ اینڈرائیڈ میں دوبارہ اسکرین پر نیچے …