جمعرات , 25 اپریل 2024

ثنا میر ٹوئنٹی 20 انٹرنیشنل میچز کی سنچری مکمل کرنے والی پہلی ایشین پلیئر بن گئیں

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان ثنا میر ٹوئنٹی 20 انٹرنیشنل میچز کی سنچری مکمل کرنے والی پہلی ایشین پلیئر بن گئیں۔پاکستان اور ویسٹ انڈیزکی ویمنز کرکٹ ٹیموں کے درمیان سیریز کا تیسرا اور آخری میچ ساؤتھ اینڈگراؤنڈ کراچی پرکھیلا جائے گا، مہمان ٹیم ابتدائی دونوں میچز جیت کر پہلے ہی ٹرافی اپنے نام کرچکی ہے، پہلے مقابلے میں ویسٹ انڈیز کے سامنے بے بس ہونے والی گرین شرٹس دوسرے میچ میں مہمان ٹیم کیلیے سخت حریف ثابت ہوئی تھیں، نیوزی لینڈ سے تعلق رکھنے والے پاکستان ویمن ٹیم کے ہیڈ کوچ مارک کولز کا کہنا ہے کہ سپر اوور تک جانے والے دوسرے میچ میں عمدہ کارکردگی سے کھلاڑیوں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔

دوسری جانب مایہ ناز پاکستانی کرکٹر اور سابق کپتان ثنا میر اتوار کو میچ میں شرکت کی بدولت ٹوئنٹی 20 انٹرنیشنل میچز کی سنچری مکمل کرنے والی پہلی ایشین پلیئر بن گئیں۔ 33 سالہ ثنا 2005 سے ملک کی نمائندگی کررہی ہیں، وہ 2009 میں آئرلینڈ کیخلاف پاکستان کے پہلے ٹوئنٹی20 میچ میں بھی شامل رہی تھیں، اس کے بعد ثنا صرف انجرڈ ہونے کی وجہ سے 2 میچز میں شریک نہیں ہوپائیں۔

ثنا میر مختصر فارمیٹ میں میچز کی سنچری مکمل کرنے والی دنیا کی چھٹی ویمن کرکٹر بنیں گی، ویسٹ انڈیز کی دیندرا ڈوٹن 109 میچز کے ساتھ نمایاں ہیں، ایشیا میں بسمہٰ معروف 94 اور بھارت کی ہرمنپریت کور93 میچز کے ساتھ دوڑ میں شامل ہیں، سیریز کے اختتام پر ویسٹ انڈیز ویمن ٹیم اتوارکی شب ہی دبئی روانہ ہوجائے گی، وہاں دونوں ملکوں کے درمیان 3 میچز پر مشتمل ون ڈے انٹر نیشنل سیریز کا انعقاد ہوگا۔

یہ بھی دیکھیں

حماس کے خلاف جنگ میں اسرائیل کو 53 ارب ڈالر کا نقصان ہوا، صہیونی مرکزی بینک

یروشلم:صہیونی مرکزی بینک نے طوفان الاقصی کے بعد ہونے والے معاشی نقصانات کے بارے میں …