جمعہ , 19 اپریل 2024

مہمند ڈیم کتنے عرصے میں تیار ہوگا؟

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) سینیٹر شمیم آفریدی کے زیر صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے آبی وسائل کے اجلاس میں مہمند ڈیم کی تعمیر کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ مزمل حسین نے بتایا ہے کہ پچاس سال سے تاخیر کا شکار مہمند ڈیم کی تعمیر پانچ سال میں مکمل ہو گی۔

اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے چیئرمین واپڈا نے کہا ہے کہ مہمند ڈیم سے آٹھ سو میگاواٹ بجلی پیدا ہونے کے ساتھ ساتھ بارہ لاکھ ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ ہوگا جب کہ ڈیم کی تعمیر سے سیلاب کو روکنے میں مدد ملے گی۔اجلاس میں سینیٹر یوسف بادینی نے استفسار کیا کہ ڈیسکون کمپنی بلوچستان میں بارہ ارب ڈیم کا منصوبہ نہیں لے سکی مہمند ڈیم کیسے بنائے گی؟

بلوچستان میں گروک ڈیم کی تعمیر کے معاملے پر بلوچستان کے سیکرٹری ایری گیشن نے کمیٹی کو بتایا کہ گروک ڈیم میں جوائنٹ ونچر کے باعث ڈیسکون نے کوالیفائی نہیں کیا گروک ڈیم کا معاملہ عدالت میں زیر التوا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ اگر کوئی کمپنی ایک منصوبے میں کوالیفائی نہ کرسکے تو اسے نئے ٹھیکے دینے سے نہیں روکا جا سکتا۔

یاد رہے کہ آپوزیشن جماعتوں کے نزدیک وزیر اعظم عمران خان کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داؤد کے بیٹے کی کمپنی ڈیسکون کو مہمند ڈیم کا ٹھیکہ ملنا مشکوک ہونے کے ساتھ ساتھ کئی سوالات کو جنم دیتا ہے خاص طور پر کہ مذکورہ کمپنی میں مشیر تجارت کے بھی حصص پائے جاتے ہیں۔

یہ بھی دیکھیں

سعودی عرب نے 3 ارب ڈالر کے ڈپازٹ کی مدت میں توسیع کردی

کراچی: سعودی عرب نے پاکستان کی معیشت کو استحکام دینے کے لیے پاکستان کے ساتھ …