جمعہ , 19 اپریل 2024

شہباز شریف کو پی اے سی سے ہٹایا تو سخت رد عمل ہوگا، خورشید شاہ

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے کہا ہے کہ اگر شہباز شریف کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی چیرمین شپ سے ہٹایا گیا تو اسمبلی نہیں چلنے دیں گے۔پیپلز پارٹی نے شہباز شریف کو چیرمین پی اے سی سے ہٹانے کے ممکنہ حکومتی اقدام کے خلاف سخت ردعمل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اسلام آباد میں خورشید شاہ نے ایک بیان میں کہا کہ اگر شہباز شریف کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کی گئی تو حکومت قومی اسمبلی کی کارروائی بھی نہیں چلا سکے گی، عمران خان اسمبلی کو کنٹینر کی طرح چلانے کی کوشش کر رہے ہیں، حکومت نے اسپیکر اسد قیصر کو پریشان کرکے رکھ دیا ہے، جبکہ اسپیکر کو خود سے کمیٹی ارکان کی ردو بدل کا کوئی اختیار نہیں بلکہ صرف پارٹی کی درخواست پر وہ ردو بدل کرسکتے ہیں۔

پی پی پی رہنما نے کہا کہ ماضی میں تحریک انصاف کے اراکین ایوان میں رقص کرتے رہے اور ٹیبل پر کھڑے ہو جاتے تھے، حکومت نے ڈگر نہ بدلی تو اپوزیشن کو بھی ایسا ہی کرنا پڑے گا، اپوزیشن جماعتوں نے صرف اسپیکر، شاہ محمود قریشی اور پرویز خٹک کی وجہ سے پارلیمنٹ کو چلانے کی کوشش کی لیکن اسمبلی کو بے توقیر طریقے سے چلانے نہیں دیں گے، حکومت عوام کو ڈلیور کرنے میں ناکام ہوگئی ہے اور لڑائیوں میں الجھانا چاہتی ہے۔

خورشید شاہ نے کہا کہ وزیراعظم کی آئی ایم ایف سربراہ سے ملاقات پاکستان کی تذلیل ہے، ماضی میں ایسی کوئی مثال نہیں ملتی، عمران خان پاکستان کی تذلیل کرنے کے سوا کچھ نہیں کر سکتے، کشکول توڑنے اور خود کشی کا اعلان کرنے والا خود آئی ایم ایف کے سامنے پیش ہوا۔خورشید شاہ نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم حکومت کو بلیک میل کر کے فائدہ لے گی، اس کی تاریخ ہے کہ موقع سے فائدہ اٹھاتی ہے، ایم کیو ایم کو اپوزیشن کا حصہ سمجھتے نہ سمجھیں گے۔

یہ بھی دیکھیں

سعودی عرب نے 3 ارب ڈالر کے ڈپازٹ کی مدت میں توسیع کردی

کراچی: سعودی عرب نے پاکستان کی معیشت کو استحکام دینے کے لیے پاکستان کے ساتھ …