ہفتہ , 20 اپریل 2024

بھارت دہشتگردی کا الزام دوسروں پر لگانے کا سلسلہ بند کرے، چینی سرکاری میڈیا

بیجنگ(مانیٹرنگ ڈیسک) چین کے سرکاری میڈیا نے بھارت کی جانب سے پلوامہ حملے کا ذمہ دار پاکستان کو ٹھہرانے اور مسعود اظہر کو اقوام متحدہ میں دہشت گرد قرار دینے کی کوششوں میں رکاوٹ ڈالنے کا الزام چین پرعائد کرنے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔چینی سرکاری میڈیا نے بھارت کو بغیر تصدیق کے الزام تراشیاں کرنے سے گریز کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ مودی سرکار کو پاکستان اور چین پر الزام عائد کرنے کے بجائے اپنی پالیسیوں اور سیکیورٹی اقدامات پر نظر ثانی کرنا چاہیے۔

چین نے مسعود اظہر کا نام اقوام متحدہ کی دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کرنے کی کوششوں میں رکاوٹ بننے کے بھارتی الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بھارت اقوام متحدہ میں مسعود اظہر کے خلاف ٹھوس شواہد پیش کرنے میں ناکام رہا اور اب ملبہ چین پر ڈال رہا ہے۔

اسی طرح بھارت نے بغیر تصدیق کے ایک بار پھر پلوامہ حملے کا الزام پاکستان پرعائد کرکے ثابت کردیا ہے کہ وہ اپنی پالیسی اور سیکیورٹی کی کمزوریوں کو درست کرنے کا ارادہ نہیں رکھتا، بہتر ہوگا بھارت مسعود اظہر کے خلاف ٹھوس شواہد جمع کرنے میں اپنی توانائی صرف کرے۔

واضح رہے کہ 14 فروری کو مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلوامہ میں سیکیورٹی فورسز پر خودکش حملے میں بھارتی فوج کے 44 اہلکار ہلاک ہوگئے تھے جس کا الزام پاکستان پر دھرنے کی روایتی کوشش کی۔

یہ بھی دیکھیں

روس کے الیکشن میں مداخلت نہ کی جائے: پیوٹن نے امریکا کو خبردار کر دیا

ماسکو: روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے امریکا کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ …