بدھ , 24 اپریل 2024

منی لانڈرنگ کو خطرناک اور قابل معافی جرم قرار دیا جائے گا ؛وزیر اعظم عمران خان

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) منی لانڈرنگ کو قومی سلامتی کے لیے انتہائی خطرناک بتاتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے اسے قابل سزا جرم قرار دینے پر زور دیا ہے تاکہ اس جرم میں ملوث افراد آسانی سے چھوٹ نہ سکیں۔

منی لانڈرنگ کی روک تھام پر اقدامات پر نظر ثانی کے لیے اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’اس فعل میں ملوث افراد کے لیے نرمی ہرگز نہیں ہونی چاہیے، عوامی فنڈز میں بدعنوانی کرنے اور رقم کو بیرون ممالک اپنے ذاتی استعمال میں لانے سے نہ صرف ملک کو مالی بحران کا سامنا ہے بلکہ قوم پر پہاڑ جیسے قرضوں کے بوجھ میں بھی اضافہ ہوا‘۔قبل ازیں اجلاس میں سیکریٹری داخلہ نے وزیر اعظم کو منی لانڈرنگ کی روک تھام کے لیے انتطامی اور قانونی اقدامات کے حوالے سے بتایا تھا۔

اس اجلاس میں وزیر قانون ڈاکٹر فروغ نسیم، وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر، انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹننٹ جنرل سید عاصم منیر احمد شاہ، چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریوینیو، ڈائریکٹر جنرل اینٹی نارکوٹکس فورس، ہوم سیکریٹریز اور دیگر سینئر عہدیداروں نے شرکت کی۔دریں اثنا خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ محمود خان نے وزیر اعظم سے ملاقات کی جس میں ترقیاتی امور زیر بحث آئے۔

بعد ازاں عمران خان نے بارونیس سعیدہ وارثی سے ملاقات کی جس میں انہوں نے وزیر اعظم کی قیادت اور ان کے نظریے کو خراج تحسین پیش کیا۔وزیر اعظم نے ملاقات میں بھارت کے زیر انتطام کشمیر میں بھارتی فوجیوں کے مظالم کے ساتھ ساتھ بھارتی حکومت کی جانب سے پیدا کیے گئے جنگی جنون کی نشاندہی کی۔

یو این ڈی پی کی نگراں نمائندہ اگناسیو ارتازا نے بھی وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی۔ملاقات میں انہوں نے نواجوانوں کو آئندہ 5 سالوں میں با اختیار بنانے اور ان کی مدد کرنے کے حوالے سے منصوبے کے حوالے سے بتایا۔ان کا کہنا تھا کہ اس پروگرام کا بجٹ 3 کروڑ ڈالر ہے جس میں سے 80 لاکھ ڈالر ناروے، جاپان اور امریکا نے دینے کا وعدہ کیا ہے۔

یہ بھی دیکھیں

سعودی عرب نے 3 ارب ڈالر کے ڈپازٹ کی مدت میں توسیع کردی

کراچی: سعودی عرب نے پاکستان کی معیشت کو استحکام دینے کے لیے پاکستان کے ساتھ …