بدھ , 24 اپریل 2024

مذاکرات کی بھی پیشکش، جارحیت کا منہ توڑ جواب دیں گے،وزیراعظم

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)بھارت نے جارحیت کی تو منہ توڑ جواب دیں گے،قومی سلامتی کمیٹی نے دوٹوک پیغام دے دیا، دہشت گردی سمیت تمام متنازعہ مسائل پرمذاکرات کی بھی پیشکش کردی، وزیراعظم نے بھارتی مہم جوئی کا جواب دینے کا اختیار پاک فوج کو دے دیا۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ہوا، وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والے اجلاس میں تینوں مسلح افواج کے سربراہ، حساس اداروں کے سربراہ اور سیکیورٹی حکام سمیت خزانہ، دفاع، خارجہ کے وفاقی وزرا اور وزیر مملکت برائے داخلہ شریک تھے۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اہم اجلاس 3 گھنٹے جاری رہا جس میں ملک کی اندرونی وسرحدی سیکیورٹی کی صورتحال کاجائزہ لیا گیا،اعلامیے کے مطابق کمیٹی نے بھارتی الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کسی بھی طور پلواما حملے میں ملوث نہیں،پلواما حملہ بھارت کے اندر مقامی سطح پر پلان ہوا اور کرایا گیا۔

کمیٹی نے مزید کہا کہ پاکستان نے مخلصانہ طور پر بھارت کو واقعے کی تحقیقات میں مدد کی پیش کش کی جبکہ دہشتگردی سمیت دیگر متنازع امور پر مذاکرات کی بھی پیشکش کی،امید ہے بھارت پاکستان کی تحقیقات کے حوالے سے پیشکش کا مثبت جواب دےگا،اعلامیے میں کہا گیا کہ پاکستان کی سرزمین استعمال کرنے میں کوئی ملوث پایا گیا تو سخت ترین ایکشن لیں گے۔

وزیراعظم نے بھارت کی کسی مہم جوئی یا جارحیت کا فیصلہ کن جواب دینے کا اختیار پاک فوج کو دے دیا، ان کا کہںا تھا کہ یہ نیا پاکستان ہے،اپنے لوگوں کا دفاع کرنا جانتے ہیں،دہشتگردی پورے خطے کا مسئلہ ہے، پاکستان نے70 ہزارجانوں کی قربانی دی اور بھاری مالی نقصان اٹھایا، وزیراعظم نے وزارت داخلہ اور قومی سلامتی کے اداروں کو شدت پسندی کے خلاف اقدامات تیز کرنے کی بھی ہدایت کی۔

اجلاس سے قبل وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کےدرمیان ون آن ون ملاقات بھی ہوئی جس میں سلامتی کی صورتحال سمیت دیگر امور پر بات چیت ہوئی۔

وزیراعظم عمران خان سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ملاقات کی،ذرائع کے مطابق وزیراعظم اور آرمی چیف کے درمیان ملاقات قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس سے قبل وزیراعظم ہاؤس میں ہوئی۔ اجلاس میں ملکی سلامتی، امن و امان اور خطے کی سلامتی صورتحال پر گفتگو ہوئی۔ذرائع کا کہناہےکہ وزیراعظم اور آرمی چیف کے درمیان افغان مصالحتی عمل اور بھارت کی طرف سے مسلسل الزامات پر بھی بات چیت کی گئی۔

یہ بھی دیکھیں

سعودی عرب نے 3 ارب ڈالر کے ڈپازٹ کی مدت میں توسیع کردی

کراچی: سعودی عرب نے پاکستان کی معیشت کو استحکام دینے کے لیے پاکستان کے ساتھ …