بدھ , 24 اپریل 2024

ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور آج اہم پریس کانفرنس کریں گے

راولپنڈی(مانیٹرنگ ڈیسک) پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور آج اہم پریس کانفرنس کریں گے۔اطلاعات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور آج سہ پہر 3 بجے اہم پریس کانفرنس کریں گے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان کی سربراہی میں قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم عمران خان نے پاک فوج کو بھارت کی کسی مہم جوئی یا جارحیت کا فیصلہ کن جواب دینے کا اختیار دے دیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وزیراعظم ہاؤس میں قومی سلامتی کمیٹی کا اہم اجلاس ہوا جو 3 گھنٹے سے زائد جاری رہا، اجلاس میں تینوں مسلح افواج کے سربراہان، حساس اداروں کے سربراہان اور سیکیورٹی حکام سمیت خزانہ، دفاع، خارجہ کے وفاقی وزرا اور وزیر مملکت برائے داخلہ بھی شریک ہوئے۔قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں ملک کی اندرونی و سرحدی سیکیورٹی کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

اس کے علاوہ کمیٹی کو خارجہ حکام کی جانب سے عالمی عدالت انصاف میں زیر سماعت بھارتی جاسوس کلبھوشن کے کیس پر بریفنگ دی گئی۔حکام نے پاکستان کی افغان مصالحتی امن عمل کی کوششوں پر بھی بریفنگ دی جب کہ اس دوران افغان امن عمل اور پاکستان کی کوششوں کا جائزہ لیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے پاک فوج کو بھارت کی کسی مہم جوئی یا جارحیت کا فیصلہ کن جواب دینے کا اختیار دیتے ہوئے ہدایت کی کہ کسی بھی بھارتی جارحیت کا پوری طاقت سے بھرپور جواب دیا جائے۔

اعلامیے کے مطابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ انتہا پسندی اور دہشت گردی پاکستان کیلئے براہ راست خطرہ ہیں، دہشت گردی اور انتہا پسندی پاکستان اور پورے خطے کا مسئلہ ہے، پاکستان نے دہشت گردی اور انتہا پسندی سے بڑا نقصان اٹھایا، 70 ہزار جانوں کی قربانی اور بھاری مالی نقصان اٹھایا ہے۔

یاد رہے کہ مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلوامہ میں غاصب بھارتی فوج پر کار خودکش دھماکے میں بھارتی فوجیوں کی ہلاکت کے بعد بھارت روایتی پاکستان دشمنی پر اتر آیا اور بغیر کسی تحقیقات کے پاکستان پر الزام تراشی کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔

یہ بھی دیکھیں

سعودی عرب نے 3 ارب ڈالر کے ڈپازٹ کی مدت میں توسیع کردی

کراچی: سعودی عرب نے پاکستان کی معیشت کو استحکام دینے کے لیے پاکستان کے ساتھ …