جمعہ , 19 اپریل 2024

توہین عدالت کیس :سپریم کورٹ نے ملک ریاض کی غیرمشروط معافی قبول کرلی

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)سپریم کورٹ نے توہین عدالت کیس میں چیئرمین بحریہ ٹاؤن ملک ریاض کی غیر مشروط معافی قبول کرلی۔ملک ریاض کیخلاف توہین عدالت کیس کی سماعت چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے کی ۔ دیگر 2 ارکان میں جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس سجاد علی شاہ شامل تھے۔

دوران سماعت ملک ریاض کے وکیل نے ان کی جانب سے غیرمشروط معافی قبول کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ ملک ریاض اپنے کیے پر شرمندہ ہیں، عدالت کو یقین دہانی کراتے ہیں آئندہ شکایت یا غلطی نہیں ہوگی۔وکیل نے کہا کہ کسی پر عائد کیے گئے الزام کا دفاع نہیں کریں گے، جس پر جسٹس منصور علی شاہ نے ریمارکس دیے کہ دفاع نہ کرنے کا مطلب الزام واپس لینا ہے۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ توہین عدالت کا کیس سات سال سے زیر التواء ہے۔ ارسلان افتخار بھی اپنا کیس واپس لے چکے ہیں،گزشتہ سات سال سے ملک ریاض نے عدالت کی توہین نہیں کی۔

یاد رہے کہ سال 2012 میں ملک ریاض نے اس وقت کے چیف جسٹس افتخار چوہدری کے بیٹے ارسلان افتخارکو ’’ڈان ‘‘ کہتے ہوئے الزامات عائد کیے تھے کہ وہ عدلیہ کو چلا رہے ہیں۔سات فروری کو ہونے والی گزشتہ سماعت میں الزامات واپس لینے اور معافی کی استدعا پر سپریم کورٹ کی جانب سے ملک ریاض کو غیر مشروط معافی نامہ جمع کرانے کی ہدایت کی گئی تھی۔

یہ بھی دیکھیں

سعودی عرب نے 3 ارب ڈالر کے ڈپازٹ کی مدت میں توسیع کردی

کراچی: سعودی عرب نے پاکستان کی معیشت کو استحکام دینے کے لیے پاکستان کے ساتھ …