بدھ , 24 اپریل 2024

عرب ممالک میں پھنسے مسافروں کو فلائٹ آپریشن میں ترجیح دی جائے، وزیر اعظم

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان کی فضائی حدود کی جزوی طور پر بحالی اور 4 ایئرپورٹس پر ڈومیسٹک و انٹرنیشنل فلائٹ آپریشنز بحال کرنے کی اجازت دینے کے بعد وزیر اعظم عمران خان نے قومی ایئرلائن کو ہدایت کی ہے کہ وہ سعودی عرب سمیت دیگر عرب ممالک میں پھنسے مسافروں کو ترجیح دیں۔

کراچی، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ میں فلائٹ آپریشنز مکمل طور پر بحال کردیا گیا اور قومی ایئرلائن کے ساتھ ساتھ غیر ملکی ایئرلائنز نے بھی اپنی فلائٹس کا آپریشن شروع کردیا۔فلائٹ آپریشن شروع کیے جانے کے باوجود پاک-بھارت کشیدگی کے سبب موخر ہونے والی فلائٹس کی وجہ سے مختلف ممالک میں ہزاروں پاکستانی مسافر پھنسے ہوئے ہیں۔

دوسری جانب پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی بنکاک، کوالالمپور اور بیجنگ کے لیے فلائٹس اب بھی معطل ہیں۔پی آئی اے کے ترجمان نے بتایا کہ 4 روز تک فلائٹس معطل رہنے کے بعد اب کراچی، اسلام آباد، کوئٹہ اور پشاور سے قومی ایئر لائن کا فلائٹ آپریشن ہفتے کو بحال کردیا گیا تھا۔

پی آئی اے کے بیان کے مطابق گزشتہ 4 روز کے دوران 4 سو سے زائد فلائٹس منسوخ ہوئیں، جس کے باعث 25 ہزار سے زائد مسافر متاثر ہوئے اور فلائٹ آپریشن بحال ہونے کے بعد اب تک 8 ہزار سے زائد مسافروں کو ان کی منزل تک پہنچایا جا چکا ہے۔

ایوی ایشن کے وزیر محمد میاں سومرو کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے ہدایات جاری کی ہیں کہ سعودی عرب اور دیگر عرب ممالک میں پھنسے مسافروں کو ترجیح دیتے ہوئے انہیں پہلے پاکستان لانے کی کوشش کی جائے کیونکہ انہیں ویزا ایکسپائر ہونے اور فنڈز کی کمی کا سامنا ہو سکتا ہے۔

یہ ہدایات جاری ہونے کے بعد پی آئی اے کے سربراہ ایئر مارشل ارشد ملک نے حکومت کو یقین دہانی کرائی کہ کم سے کم وقت میں مختلف ممالک میں پھنسے مسافروں کو ان کی منزل تک پہنچانے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی اور بہت جلد صورتحال معمول پر آ جائے گی۔

تاہم انہوں نے واضح کیا کہ فلائٹ آپریشن کی مکمل بحالی اسی وقت ہو گی جب پورے ملک میں فلائٹ آپریشن شروع ہو جائے گا، پی آئی اے کی بنکاک کوالالمپور اور بیجنگ کے لیے فلائٹس بدستور معطل ہیں۔

یہ بھی دیکھیں

سعودی عرب نے 3 ارب ڈالر کے ڈپازٹ کی مدت میں توسیع کردی

کراچی: سعودی عرب نے پاکستان کی معیشت کو استحکام دینے کے لیے پاکستان کے ساتھ …