بدھ , 24 اپریل 2024

مہاتیر محمد کی وزیر اعظم ہاؤس آمد، گارڈ آف آنر پیش کیا گیا

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)  ملائیشیا کے وزیر اعظم مہاتیر محمد کو دورہ پاکستان کے دوسرے روز وزیر اعظم ہاؤس میں باضابطہ طور پر استقبالیہ دیا گیا۔وزیر اعظم عمران خان کے ہمراہ وزیر اعظم ہاؤس آمد کے موقع پر مہاتیر محمد کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔اس موقع پر استقبالیہ تقریب کے دوران انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا جبکہ ملائیشیا اور پاکستان دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے۔

جس کے بعد وزیر اعظم عمران خان نے ملائیشیا کے وزیر اعظم مہاتیر محمد سے کابینہ اراکین کا تعارف کروایا۔کابینہ اراکین سے تعارف کے بعد مہاتیر محمد کی جانب سے وزیر اعظم ہاؤس میں پودا بھی لگایا۔خیال رہے کہ 21 مارچ کو ملائیشیا کے وزیر اعظم مہاتیر محمد اپنے 3 روزہ دورے پر پاکستان پہنچے تھے، جہاں نور خان ایئربیس پر عمران خان نے ان کا استقبال کیا تھا۔وزیر اعظم عمران خان کی دعوت پر پاکستان کا دورہ کرنے والے مہاتیر محمد 23 مارچ کو یوم پاکستان پریڈ کے مہمان خصوصی ہوں گے۔

اس دورے کے دوران مہاتیر محمد کے ہمراہ 25 سے زائد ملائیشن کمپنیوں کے سربراہ، اعلی سطح وفد اور بڑے کاروباری افراد بھی ہمراہ ہیں، جہاں دونوں ممالک کے درمیان 80 سے 90 کروڑ ڈالر کے معاہدوں کا امکان ہے۔مہاتیر محمد کے دورہ پاکستان کی مصروفیات میں صدر عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان کے ساتھ معاونین کے بغیر اور وفود کی سطح پر ملاقاتیں شامل ہیں۔

دونوں وزرائے اعظم مختلف صنعتوں کے چیف ایگزیکٹو افسران کے ‘گول میز کانفرنس’ سے بھی خطاب کریں گے، جنہوں نے پاکستان میں کار سازی اور مواصلات کے شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔

یہ بھی دیکھیں

سعودی عرب نے 3 ارب ڈالر کے ڈپازٹ کی مدت میں توسیع کردی

کراچی: سعودی عرب نے پاکستان کی معیشت کو استحکام دینے کے لیے پاکستان کے ساتھ …