ہفتہ , 20 اپریل 2024

ایرانی وزیر خارجہ جلد شمالی کوریا کے دورے پر جائیں گے

تہران (مانیٹرنگ ڈیسک)ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے اعلان کیا ہے کہ وہ بہت جلد شمالی کوریا کا دورہ کریں گے کیوں کہ دونوں ممالک کو امریکا کی پابندیوں کا سامنا ہے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے اے پی نے ایران کی سرکاری نیوز ایجنسی ارنا کے حوالے سے بتایا کہ وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ دورہ طے ہے اور اس کا اعلان جلد کردیا جائے گا۔

خیال رہے کہ موجودہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ سال ایران پر دوبارہ پابندیاں نافذ کرنے کا اعلان کیا تھا، اس سے قبل امریکی صدر باراک اوباما کے دور میں 2015 میں امریکا نے عالمی طاقتوں کے ساتھ مل کر ایران سے ایک معاہدہ کیا تھا، جس کے مطابق اگر ایران جوہری ہتھیار بنانے کا ارادہ ترک کردے تو امریکا اس پر عائد پابندیاں مرحلہ وار اٹھا لے گا۔علاوہ ازیں امریکا نے شمالی کوریا کو اس کے جوہری پروگرام سے باز رکھنے کے لیے سخت پابندیاں نافذ کررکھی ہیں۔

گذشتہ سال دسمبر میں ایرانی پارلیمنٹ کے ایک وفد نے شمالی کوریا کا دورہ کیا تھا جبکہ شمالی کوریا کے اعلیٰ سفارت کار ‘ری یونگ ہو’ نے اس سے قبل اگست میں ایران کا دورہ کیا تھا۔خیال رہے کہ 7 اگست 2018 کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جوہری معاہدے سے دستبرداری کے 3 ماہ بعد خصوصی حکم جاری کرتے ہوئے ایران پر دوبارہ معاشی پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کردیا تھا۔

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ’ہم تمام اقوام پر زور دیتے ہیں کہ اس قسم کے اقدامات کیے جائیں کہ ایرانی حکومت ان 2 شرائط میں سے کسی ایک کو اختیار کرنے پر مجبور ہوجائے، یا تو وہ اپنا دھمکی آمیز، غیر مستحکم رویہ بدلتے ہوئے عالمی معیشت کا حصہ بن جائے یا پھر مستقبل میں معاشی تنہائی کے لیے تیار رہے‘۔ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ تعلقات برقرار رکھنے والے ممالک کو خبر دار کرتے ہوئے انہیں نتائج کی دھمکی بھی دی تھی۔

یہ بھی دیکھیں

صہیونی وحشیانہ حملوں نے مغربی تہذیب و تمدن کے چہرے سے نقاب اتار دیا،آیت اللہ سید علی خامنہ ای

تہران:بسیجیوں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے رہبر معظم انقلاب اسلامی نے کہا کہ طوفان …