جمعرات , 25 اپریل 2024

ترک جیل میں ‘اماراتی جاسوس کی خودکشی’

استبنول(مانیٹرنگ ڈیسک) ترکی کے حکام کا کہنا ہے کہ متحدہ عرب امارات سے تعلق رکھنے والے مبینہ جاسوس نے جیل میں خود کشی کرلی۔غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق ترکی کے پراسیکیوٹر دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ملزم کی شناخت زکی وائے ایم حسن کے نام سے ہوئی ہے، جس نے استنبول کے مغربی علاقے میں قائم جیل کے باتھ روم میں خود کو پھانسی کا پھندا لگا کر خود کشی کرلی۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ اس روز صبح مبینہ جاسوس نے حاضری کے رجسٹر میں اپنا اندراج کروایا تھا، واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے اور استنبول کے فرانزک انسٹیٹیوٹ لاش کا پوسٹ مارٹم کررہا ہے۔خیال رہے کہ خود کشی کرنے والا شخص ان 2 عرب شہریوں میں سے ایک تھا جن پر بین الاقوامی، سیاسی اور فوجی جاسوسی کا الزام لگایا گیا تھا۔ترک حکام کے مطابق دونوں ملزمان کو 19 اپریل کو گرفتار کیا گیا تھا اور انہوں نے اس موقع پر جاسوسی کا اعتراف بھی کیا تھا۔

متحدہ عرب امارات کے حکام فوری طور پر اس معاملے پر رد عمل دینے کے لیے دستیاب نہیں ہوسکےجبکہ ترکی میں ان کے شہریوں کی گرفتاری کے حوالے سے بھی سرکاری سطح پر کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا۔واضح رہے کہ ترک تفتیش کار اس بات کی بھی تحقیقات کررہے تھے کہ کہیں ملزمان 6 ماہ قبل سعودی قونصلیٹ میں قتل کیے جانے والے صحافی جمال خاشقجی کے قتل میں تو ملوث نہیں تھے۔

یاد رہے کہ متحدہ عرب امارات، سعودی عرب کا اتحادی ہے اور ان دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعلقات استوار ہیں، یہ بھی واضح رہے کہ دونوں عرب ممالک کے تعلقات ترکی سے اس وقت سے تنازعات کا شکار ہیں جب عرب ممالک نے 2017 میں قطر کے مکمل بائیکاٹ کرنے کا اعلان کیا تھا جبکہ اس موقع پر انقرہ نے دوحہ کی حمایت کی تھی۔

علاوہ ازیں سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات، دونوں ہی ترک صدر رجب طیب اردگان کی اسلام پسند جماعت اے کے پارٹی کو مصر کی اخوان مسلمون کی حمایت کرنے والی جماعت تصور کرتی ہے جبکہ دونوں ممالک اس جماعت کی مخالفت کرتے ہیں۔

یہ بھی دیکھیں

عمران خان نے تحریک انصاف کے کسی بڑے سیاسی رہنما کے بجائے ایک وکیل کو نگراں چیئرمین کیوں نامزد کیا؟

(ثنا ڈار) ’میں عمران کا نمائندہ، نامزد اور جانشین کے طور پر اس وقت تک …