جمعرات , 25 اپریل 2024

فیس بک نے اپنی سائٹ اور ایپ کو مکمل بدلنے کا اعلان کردیا

واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک)فیس بک نے اپنی مرکزی موبائل ایپ کو مکمل طور پر بدلنے کا اعلان کیا ہے، جس میں 2 اہم فیچرز ایونٹس اور گروپس پر زیادہ توجہ دی جائے گی۔کمپنی کی سالانہ ایف 8 کانفرنس کے موقع پر ایک بلاگ میں بتایا گیا کہ اب موبائل ایپ میں گروپس کو مرکز اور قلب کی جگہ دی جائے گی جیسا فیس بک صارفین چاہتے ہیں۔اسی طرح ایونٹس کو بھی ایپ کے سب سے زیادہ استعمال ہونے والے حصے کے طور پر نیا کیا جائے گا۔

کمپنی کا کہنا تھا کہ فیس بک میں اس وقت لاکھوں گروپس متحرک ہیں اور جب لوگ اپنی پسند کے گروپ کو تلاش کرلیتے ہیں تو ان کے لیے یہ اس ایپ کا استعمال کیا جانے والاسب سے بامقصد حصہ بن جاتا ہے۔بلاگ میں بتایا گیا کہ اس وقت فیس بک پر موجود 40 کروڑ سے زائد افراد گروپس سے جڑے ہوئے ہیں اور اس خیال کو ذہن میں رکھ کر ہم فیس بک کا نیا ڈیزائن متعارف کرا رہے ہیں جو سادہ ہوگا جبکہ اس میں کمیونٹیز کو قلب کی حیثیت دی جائے گی۔

ہم ایسے نئے ٹولز بھی متعارف کرارہے ہیں جو لوگوں کے لیے اپنی دلچسپی کے گروپس کو دریافت کرنے اور ان سے جڑنا آسان بنادے گا۔فیس بک کے مطابق موبائل ری ڈیزائن فوری طور پر دنیا بھر میں آئی او ایس اور اینڈرائیڈ صارفین کے لیے پیش کیا جارہا ہے جبکہ کمپنی کی جانب سے ڈیسک ٹاپ کو بھی ری ڈیزائن کرنے پر کام ہورہا ہے جو آنے والے مہینوں میں لوگوں کے سامنے آئے گا۔

اس میں سب سے بڑی تبدیلی گروپس ٹیب کی ہوگی جو کہ مینیو بار کے وسط میں ہوگا اور اس پر کلک کرنے پر صارفین متعدد گروپس کی اپ ڈیٹس پر مشتمل فیڈ پر چلے جائیں گے جبکہ ان کی دلچسپی کے مطابق نئے گروپس کی تجاویز بھی دی جائیں گی۔

اس کے علاوہ ایک نیا فیچر میٹ نیو فرینڈز بھی متعارف کرایا جائے گا تاکہ لوگ مشترکہ دلچسپی رکھنے والے اجنبی افراد سے تعلق قائم کرسکیں۔یہ پہلا موقع ہے کہ فیس بک کی جانب سے نیوزفیڈ پر توجہ کم کی جارہی ہے جو اس وقت اس کی اشتہاری آمدنی کا سب سے بڑا ذریعہ ہے مگر اس کے ساتھ ساتھ ڈیٹا پرائیویسی مسائل کا سب سے بڑا سبب بھی۔

یہ بھی دیکھیں

اسرائیل دنیا کی ہمدردیاں کھو چکا ہے: امریکی عہدیدار

واشنگٹن:امریکی سینیٹ کی انٹیلی جنس کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر مارک وارنر نے کہا کہ یہ …