جمعہ , 19 اپریل 2024

ایرانی عوام کا اتحاد امریکا کے مقابلے میں ایران کا فتح کا راز ہے، خطیب جمعہ تہران

تہران (مانیٹرنگ ڈیسک)تہران کے خطیب جمعہ نے امریکا کے مقابلے میں ایرانی عوام کی کامیابی پر تاکید کی ہے۔تہران کے خطیب جمعہ آیت اللہ سید احمد خاتمی نے اس ہفتے نماز جمعہ کے خطبے میں کہا کہ بصیرت، میدان میں ایرانی عوام کی موجودگی اور ان کا اتحاد و یکجہتی ہی امریکا اور اس کے اتحادیوں کے مقابلے میں ایران کی فتح اور کامیابی کا راز ہے-

تہران کے خطیب جمعہ نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ گذشتہ چالیس برسوں کے دوران کبھی ایسا وقت نہیں آیا جب امریکا ایرانی عوام سے برسرپیکار نہ رہا ہو، کہا کہ ایرانی عوام نے امریکی ہیبت کا بت پاش پاش کر کے رکھ دیا ہے-

تہران کے خطیب جمعہ نے ایران کے خلاف امریکا کی حالیہ دھمکیوں اور اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ اسلامی انقلاب کی کامیابی کے آغاز سے ہی امریکا کی سرکردگی میں عالمی سامراج نے ایرانی عوام سے فوجی، سیاسی، اقتصادی اور ثقافتی جنگیں کی ہیں، کہا کہ ایرانی عوام اقتصادی جنگ میں بھی امریکا کو شکست دیں گے-

انہوں نے کہا کہ ایران جتنا چاہے گا اپنا تیل برآمد کرے گا- آیت اللہ سید احمد خاتمی نے کہا کہ امریکی حکومت جو یہ کہہ رہی ہے کہ وہ ایران کے تیل کی برآمدات کو صفر تک پہنچادے گی یہ محال ہے۔ان کا کہنا تھا کہ جس طرح سے امریکا گذشتہ چالیس برسوں کے دوران مسلسل شکست کھاتا رہا ہے اس کو اس مرحلے میں بھی شکست ہو گی- تہران کے خطیب جمعہ نے کہا کہ امریکی صدر نے اپنی بے شمار اندرونی مشکلات کے باوجود خود کو ایران کے ساتھ الجھا لیا ہے-

انہوں نے کہا کہ امریکی صدر اس طرح علاقے کے بعض ملکوں سے پیسے وصول کرنے اور سودے بازی کی کوشش کر رہے ہیں- انہوں نے امریکا کی توسیع پسندانہ ماہیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آج امریکی حکام دیگر ملکوں منجملہ وینزوئیلا میں بھی مداخلت کر رہے ہیں اور وہاں کی قانونی حکومت کے خلاف اپنے ایک آلہ کار کی حمایت کر رہے ہیں-

تہران کے خطیب جمعہ آیت اللہ سید احمد خاتمی نے پچھلے دنوں آل سعود کے ہاتھوں سینتیس افراد کے سرقلم کر دیئے جانے کو ایک ہولناک جرم قرار دیا اور کہا کہ سعودی بادشاہ کے ساتھ ساتھ امریکی صدر ٹرمپ بھی اس واقعے پر خاموشی اختیار کر کے اس ہولناک جرم میں برابر کے شریک ہیں-

یہ بھی دیکھیں

ترک صدر اردوغان نے نیتن یاہو کو غزہ کا قصائی قرار دیدیا

انقرہ:ترک صدر رجب طیب اردوغان نے نیتن یاہو کو غزہ کا قصائی قرار دیا ہے۔ترکی …