جمعرات , 25 اپریل 2024

افغانستان: فائرنگ حملے میں صوبائی انٹیلی جنس افسر ہلاک

کابل (مانیٹرنگ ڈیسک)افغانستان کے شمالی صوبے بغلان میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے صوبائی کے نائب انٹیلی جنس ڈائریکٹر کو قتل کردیا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کی رپورٹ کے مطابق صوبائی عہدیدار کا کہنا تھا کہ عبدالغفور محمود کو ملک کے دارالحکومت کابل جاتے ہوئے راستے میں فائرنگ کرکے ہلاک کیا گیا جبکہ ایک اور انٹیلی جنس افسر کو حملے میں زخمی کردیا گیا۔صوبائی عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی درخواست پر مذکورہ واقعہ کی تفصیلات بتائیں کیونکہ وہ میڈیا سے بات کرنے کے مجاز نہیں ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ حملہ صوبہ بغلان کے صوبائی دارالخلافہ پل خمری میں ہوا، ان کا کہنا تھا کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔صوبائی عہدیدار نے بتایا کہ یہ واضح نہیں ہوسکا کہ حملہ آوروں کی تعداد کیا تھی جو حملے کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔خیال رہے کہ فوری طور پر کسی بھی تنظیم یا گروہ کی جانب سے واقعے کی ذمہ داری قبول نہیں کی گئی صوبائی عہدیدار طالبان کو واقعے کا ذمہ دار قرار دے رہے ہیں جو صوبے میں متحرک ہیں اور افغان حکومت اور فورسز پر حملے کرتے رہے ہیں۔

یاد رہے کہ افغانستان میں 18 سالہ جنگ کے بعد امریکا اور طالبان امن عمل کے لیے براہ راست مذاکرات کررہے ہیں جس کے لیے قطر کے دارالحکومت دوحہ میں طویل مذاکرات ہوئے اور گذشتہ ماہ بھی دونوں فریقین میں ملاقات ہوئی تھی۔

یہ بھی دیکھیں

عمران خان نے تحریک انصاف کے کسی بڑے سیاسی رہنما کے بجائے ایک وکیل کو نگراں چیئرمین کیوں نامزد کیا؟

(ثنا ڈار) ’میں عمران کا نمائندہ، نامزد اور جانشین کے طور پر اس وقت تک …