جمعہ , 19 اپریل 2024

جنگ مسلط کی گئی تو دشمن کو منہ توڑ اور دنداں شکن جواب دیں گے، جنرل سلامی

تہران (مانیٹرنگ ڈیسک)اسلامی جمہوریہ ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے سربراہ نے کہا ہے کہ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی آج دشمن کے بالکل مد مقابل ہے ہم نے خطرات کو فرصت اور طاقت میں بدلنے کا سبق سیکھا ہے۔میجر جنرل سلامی نے کہا کہ آج انقلاب اسلامی عظیم بلندیوں پر فائز ہے جبکہ دشمن کو مختلف میدانوں میں شکست اور ناکامی کا سامنا ہے۔سپاہ کے سربراہ نے کہا کہ آج اسلامی سرزمین میں ایسے جوان موجود ہیں جو دشمن کے ہر مکر و فریب کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار ہیں۔

میجر جنرل سلامی نے امریکی شکست کا راز امریکہ کے سیاسی فلسفہ میں قراردیتے ہوئے کہا کہ امریکہ کی پالیسی قید و بند ، منہ زوری ، وابستہ کرنے ، قوموں اور حکومتوں پر تسلط جمانے کی پالیسی ہے اور امریکہ کی اس سیاست اور پالیسی کی وجہ سے اسے عالمی سطح پر نفرتوں اور عداوتوں کا سامنا ہے اور اسی وجہ سے امریکہ کی عالمی سطح پر قدرت زوال اور اضمحلال کا شکار ہوگئی ہے اور آج کوئی بھی ملک اور کوئی بھی قوم امریکہ کے ساتھ دو قدم چلنے کے لئے آمادہ نہیں ہے۔

انھوں نے کہا کہ سپاہ آج بالکل دشمن کے مد مقابل ہے اور سپاہ نے خطے میں دشمن کے تمام منصوبوں کو ناکام بنادیا ہے ۔ دشمن کی ہڈیاں کمزور ہوگئی ہیں اور دشمن پر مستقبل کے بارے میں مایوسی چھائی ہوئی ہے۔جنرل سلامی نے کہا کہ سپاہ کی اصل طاقت ایمان ،معنویت اور جہادی جذبہ پر استوار ہے اور اس نے خطے میں دشمن کی مذموم حرکتوں کو متوقف کردیا ہے۔جنرل سلامی نے کہا کہ ہم اہل جنگ نہیں ہیں ہم جنگ کو پسند نہیں کرتے ہیں لیکن اگر ہم پر جنگ مسلط کی گئی تو ہم دشمن کو منہ توڑ اور دنداں شکن جواب دیں گے۔

یہ بھی دیکھیں

عمران خان نے تحریک انصاف کے کسی بڑے سیاسی رہنما کے بجائے ایک وکیل کو نگراں چیئرمین کیوں نامزد کیا؟

(ثنا ڈار) ’میں عمران کا نمائندہ، نامزد اور جانشین کے طور پر اس وقت تک …