جمعرات , 25 اپریل 2024

ایران کی فضائی حدود کی خلاف ورزی پر ایران کا اقوام متحدہ کو خط

تہران (مانیٹرنگ ڈیسک)امریکی اقدامات سے خطے کی امن و سلامتی کو خطرات لاحق ہوگئے ہیں۔اقوام متحدہ میں اسلامی جمہوریہ ایران کے نمائندے مجید تخت روانچی نے کہا ہے کہ امریکی ڈرون طیارے کی طرف سے ایران کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کے بارے میں ہم نے اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل کو ایک خط لکھا ہے ۔

انھوں نے کہا کہ ہم نے خط میں واضح کیا ہے کہ ایران کے متعدد بار انتباہ کے باوجود امریکی ڈرون طیارہ ایرانی سرحد کے اندر داخل ہوگیا ، جسے بر وقت کارروائی کرتے ہوئے سرنگوں کردیا۔ انہوں نے کہا کہ ایران جنک نہیں چاہتا تاہم اپنی سرحدوں کا دفاع بھرپور طریقے سے کیا جائے گا۔تخت روانچی نے کہا کہ ہم نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ امریکہ کو خطے میں اشتعال انگیز اقدامات سے باز رکھے کیونکہ امریکی اقدامات سے خطے کی امن و سلامتی کو خطرات لاحق ہوگئے ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے ملک کی حدود کی خلاف ورزی کرنے والے ایک دیو ہیکل امریکی ڈورن طیارے کو مار گرایا ہے۔سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے شعبہ تعلقات عامہ کے جاری کردہ بیان کے مطابق گلوبل ہاوک قسم کا دیوہیکل امریکی ڈرون طیارہ بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب بارہ بجکر چودہ منٹ پر جنوبی خلیج فارس میں قائم ایک امریکی فوجی اڈے سے خاص مشن لیکر اڑا اور اس نے ایوی ایشن قوانین کے برخلاف اپنی شناخت بتانے والے تمام آلات خاموش کردیے اور انتہائی خفیہ طریقے سے آبنائے ہرمز کے راستے جنوب مشرقی ایران کے شہر چابہار کی جانب بڑھتا چلا گیا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ امریکی ڈرون طیارہ واپسی پر آبنائے ہرمز کے مغربی علاقے سے اسلامی جمہوریہ ایران کی فضائی حدود کے قریب معلومات جمع کرنے اور جاسوسی مشن میں مشغول تھا اور چار بج کر پانچ منٹ پر ایران کی فضائی حدود میں مکمل داخل ہوتے ہی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے اینٹی ایئر کرافٹ یونٹ کا نشانہ بن کر تباہ ہوگیا۔یاد رہے کہ گلوبل ہاک یا آر کیو فور سی قسم کا یہ ڈرون دنیا کا انتہائی ترقی یافتہ جاسوس طیارہ شمار ہوتا ہے اور اسکی قیمت دو سو ملین سے چار سو ملین ڈالر تک بتائی جاتی ہے۔

یہ بھی دیکھیں

ترک صدر اردوغان نے نیتن یاہو کو غزہ کا قصائی قرار دیدیا

انقرہ:ترک صدر رجب طیب اردوغان نے نیتن یاہو کو غزہ کا قصائی قرار دیا ہے۔ترکی …