جمعہ , 19 اپریل 2024

سام سنگ اشتہارات کے ذریعے صارفین کو دھوکا دینے لگا

سیئول (مانیٹرنگ ڈیسک)جنوبی کوریا کی الیکٹرک مصنوعات بنانے والی کمپنی سام سنگ کے موبائل فون اشتہارات حالیہ دنوں عوام کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں، ان اشتہارات میں کمپنی نے یہ ظاہر کیا ہے کہ ان کا فون ہر طرح کے پانی میں استعمال کے قابل ہے۔اشتہارات میں فون کو سوئمنگ پول اور سمندر میں دکھا کر یہ واضح کرنے کی کوشش کی گئی ہے کہ یہ فون کسی بھی قسم کے پانی میں محفوظ ہے۔صارفین کے حقوق پر نظر رکھنے والے آسٹریلیا کے ایک کمیشن آسٹریلوی کمپیٹیشن اینڈ صارف کمیشن (اے سی سی سی) نے سام سنگ کمپنی پر دھوکا دہی کا الزام لگا دیا ہے۔

آسٹریلوی کمپیٹیشن اینڈ صارف کمیشن (اے سی سی سی) کے مطابق سام سنگ نے اپنے اشتہار میں صارفین کو دھوکا دینے کی کوشش کی ہے جس میں دکھایا گیا ہے کہ مذکورہ کمپنی کا فون پانی میں بھی قابل استعمال ہے۔اے سی سی سی کے مطابق اشتہار میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ فون ہر طرح کے پانی میں قابل استعمال جب کہ ایسا نہیں ہے۔ کمیشن کے مطابق جنوبی کوریا کی کمپنی نے اپنی پراڈکٹ پر نمکین پانی کے اثرات کا صحیح جائزہ نہیں لیا۔

متعدد گلیکسی فونز کو اشتہارات میں دکھایا گیا ہے کہ وہ 1.5میٹر گہرائی میں 30 منٹ تک رہ سکتے ہیں لیکن کمیشن نے نشاندہی کی کہ اس میں ہر قسم کا پانی شامل نہیں ہے۔کمیشن نے الزام عائد کیا ہے کہ سام سنگ 2016 سال سے اپنے فونز کو سوئمنگ پولز اور سمندر کے کنارے دکھا رہا ہے جب کہ ایسا کرنے کی ان کے پاس کوئی وجہ نہیں ہے۔

آسٹریلوی کمپیٹیشن اینڈ صارف کمیشن کے چیئرمین روڈ سمز نے ایک بیان میں کہا کہ کمپنی کی جانب سے اشتہارات میں گلیکسی کے متعلق غلط بیانی کی گئی کہ اس فون کو کسی بھی جگہ استعمال کیا جا سکتا ہے۔آئی ٹی ماہرین کا کہنا ہے کہ سام سنگ کا اپنے فون سے متعلق دعویٰ جھوٹا ثابت ہونے کی صورت میں کمپنی کو اربوں ڈالر کا نقصان ہو سکتا ہے۔دوسری جانب جنوبی کوریا کی کمپنی نے کہا کہ وہ اپنے دعوے پر قائم ہے اور ہر فورم پر اپنا دفاع کرے گی۔

یہ بھی دیکھیں

لکڑی سے بنا دنیا کا پہلا سیٹلائیٹ آئندہ برس لانچ کیا جائے گا

کیوٹو: امریکی خلائی ادارہ ناسا اور جاپان ایرو اسپیس ایکسپلوریشن ایجنسی (جے ای ایکس اے) …