بدھ , 24 اپریل 2024

بھارتی فضائیہ کو امریکا سے ‘اپاچی’ ہیلی کاپٹرز کی پہلی کھیپ موصول

واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک)امریکا نے 4 برس پہلے ہونے والے معاہدے کے تحت بھارتی فضائیہ کو 22 جنگی ‘اپاچی’ ہیلی کاپٹرز میں سے 4 ہیلی کاپٹرز کی پہلی کھیپ حوالے کر دی جبکہ اگلے ہفتے دوسری کھیپ بھی پہپنچا دی جائے گی۔بھارتی اخبار ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق بھارتی فضائیہ کو چار برس قبل ہوئے اربوں ڈالر مالیت کے 22 ‘اے ایچ-64 ای اپاچی’ ہیلی کاپٹرز کے معاہدے کی پہلی کھیپ ہندان ایئربیس پر حوالہ کردی گئی۔امریکی کمپنی کا کہنا تھا کہ اپاچی ہیلی کاپٹرز کی پہلی کھیپ بھارت پہنچ گئی ہے اور 4 ہیلی کاپٹرز کی دوسری کھیپ اگلے ہفتے حوالے کردی جائے گی۔

بھارت پہنچائے گئے ہیلی کاپٹرز کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ ‘آٹھوں ہیلی کاپٹرز کو پٹھان کوٹ ایئرفورس اسٹیشن منتقل کر نے کے بعد ستمبر میں باقاعدہ طور پر بھارتی ایئرفورس میں شامل کردیا جائے گا’۔خیال رہے کہ اے ایچ-64 ای اپاچی دنیا کے جدید ترین فوجی ہیلی کاپٹرز میں شامل ہیں جو مختلف صلاحیتوں کے حامل ہوتے ہیں اور امریکی فوج کے زیراستعمال ہیں۔

بھارتی ایئرفورس نے امریکی حکومت اور بوئنگ لمیٹڈ کے ساتھ ستمبر 2015 میں اربوں ڈالر مالیت کے 22 ہیلی کاپٹرز کے معاہدے پر دستخط کیے تھے، اس کے علاوہ وزارت دفاع نے 2017 میں بوئنگ سے 4 ہزار 168 کروڑ بھارتی روپے قیمت پر فوج کے لیے اسلحہ سسٹم کے ساتھ 6 اپاچی ہیلی کاپٹرز کی منظوری دی تھی۔بھارتی ایئرفورس کے لیے ملنے والی جنگی ہیلی کاپٹرز کی یہ پہلی کھیپ ہوگی۔

جنگی ہیلی کاپٹرز کے حوالے سے بھارتی فضائیہ کے عہدیداروں کا کہنا تھا کہ اپاچی ہیلی کاپٹرز کی شمولیت سے فورس کی جنگی صلاحیت میں بہتری آئے گی اور مستقبل کی ضروریات پوری ہوں گی۔

بوئنگ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کمپنی نے اب تک دنیا بھر میں 2 ہزار 200 سے زائد اپاچی ہیلی کاپٹرز اپنے گاہکوں کو فراہم کیے ہیں اور بھارت اپنی فوج کے لیے یہ ہیلی کاپٹرز حاصل کرنے والا دنیا کا 14واں ملک ہے۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ‘2020 تک بھارتی فضائیہ 22 اپاچی ہیلی کاپٹرز حاصل کرے گی اور یہ پہلی کھیپ شیڈول سے پہلے پہنچادی گئی ہے’۔

جنگی ہیلی کاپٹرز کی صلاحیت سے متعلق کمپنی کا کہنا تھا کہ اے ایچ-64 ای جدید ٹیکنالوجی سے لیس ہے اور اس کا نام دنیا کے بہترین جنگی ہیلی کاپٹرز میں بدستور نمایاں ہےاور بھارتی فورس نے اس کی پرواز کی تربیت جولائی 2018 میں پہلی مرتبہ کامیابی کے ساتھ مکمل کی تھی۔کمپنی کا کہنا تھا کہ بھارتی فضائیہ کی اپاچی اڑانے کے لیے پہلے بیچ کی تریبت کا آغاز 2018 میں امریکا میں ہوا تھا۔اپاچی ہیلی کاپٹرز کو جاسوسی، سیکیورٹی، امن کی بحالی کے لیے آپریشنز اور حملوں کے لیے کار آمد سمجھا جاتا ہے۔

یہ بھی دیکھیں

روس کے الیکشن میں مداخلت نہ کی جائے: پیوٹن نے امریکا کو خبردار کر دیا

ماسکو: روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے امریکا کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ …