جمعہ , 19 اپریل 2024

سعودی عرب کا آئندہ برس دنیا کے مہنگے ترین گھڑ دوڑ مقابلے کے انعقاد کا اعلان

ریاض(مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی عرب نے آئندہ برس دنیا کے مہنگے ترین گھڑ دوڑ مقابلے کا انعقاد کرنے کا اعلان کردیا۔تفصیلات کے مطابق آئندہ برس 2020 میں سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں دنیا کی تاریخ میں پہلی بار 2 کروڑ امریکی ڈالر یعنی پاکستانی 3 ارب 16 کروڑ روپے سے زائد کی مالیت کے انعامات والے گھڑ دوڑ مقابلے کا انعقاد ہوگا۔عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ دنیا کی مہنگی ترین گھڑ دوڑ کے ایونٹ کا اعلان جوکی کلب سعودی عرب کے سربراہ شہزادہ بندر بن خالد الفیصل نے کیا۔

اس گھڑ دوڑ کو ’سعودی کپ‘ کا نام دیا گیا ہے، جو آئندہ برس 9 فروری کو ریاض کے کنگ عبدالعزیز ریس ٹریک پر ہوگا۔ سعودی کپ میں مجموعی طور دنیا بھر سے 14 گھڑ سوارشریک ہوں گے اور جیتنے والے کو ایک کروڑ ڈالر یعنی پاکستانی ڈیڑھ ارب روپے تک کی رقم دی جائے گی۔

اس کپ میں بہترین پوزیشنز حاصل کرنے والے دیگر گھڑ سواروں کو بھی انعامات دیے جائیں گے۔ گھڑ دوڑ کپ کی باقی ایک کروڑ ڈالر کی رقم پہلے، دوسرے، تیسرے، چوتھے اور پانچویں نمبر پر آنے والے گھڑ سواروں میں تقسیم کی جائے گی۔ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ دنیا کی اس مہنگی ترین گھڑ دوڑ میں کتنی خواتین حصہ لیں گی، تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ اس مہنگی ترین ریس کو دیکھنے کے لیے دنیا بھر سے گھڑ سواری کی شوقین درجنوں خواتین سعودی عرب آئیں گی۔

شہزادہ بندر بن خالد الفیصل کا کہنا تھا کہ سعودی کپ کے انعقاد سے وہ گھڑ دوڑ کے کھیل کو ملک میں فروغ دینا چاہتے ہیں اور وہ آئندہ سال فروری میں گھڑ سواری کے شوقین مرد و خواتین سمیت میڈیا ارکان کا سعودی عرب میں بھرپور استقبال کریں گے۔

یہ بھی دیکھیں

بنگلا دیشی حکمراں جماعت عوامی لیگ کی شکیب الحسن کے الیکشن لڑنے کی تصدیق

ڈھاکہ:بنگلا دیش کی حکمراں جماعت عوامی لیگ نے کرکٹ ٹیم کے کپتان شکیب الحسن کے …