ہفتہ , 20 اپریل 2024

سوڈان کے سابق صدر عمرالبشیر کا سعودی عرب سے 9 کروڑ ڈالر لینے کا اعتراف

خرطوم (مانیٹرنگ ڈیسک)سوڈان کے سابق صدرکو فوج کی جانب سے سبکدوش کیے جانے کے بعد کرپشن کے حوالے سے تحقیقات کا سامنا ہے۔خبرایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق سوڈان کے سابق صدر عمر البشیر سے تفتیش کرنے والے پولیس افسر نے عدالت کو بتایا کہ انہوں نے سعودی عرب سے 9 کروڑ ڈالر وصول کرنے کا اعتراف کیا ہے۔

خرطوم کی عدالت میں سابق صدر کو کرپشن کے مقدمے میں لوہے کے پنجرے میں پیش کیا گیا اور پہلی سماعت میں وہ خاموشی سے ان کے خلاف عائد کیے گئے الزامات کو سنتے رہے۔عمر البشیر کو ناجائز طریقے سے غیر ملکی کرنسی رکھنے اور غیر روایتی انداز میں تحائف وصول کرنے کے الزامات کا سامنا ہے ۔

دوسری جانب عمرالبشیر کے خلاف کرپشن کے حوالے سے تفتیش کرنے والی ٹیم کے رکن پولیس بریگیڈیئر جنرل احمد علی محمد نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ سابق صدر نے کہا کہ انہیں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے 2 کروڑ 50 لاکھ ڈالر وصول ہوئے۔

برگیڈیئر جنرل احمد علی محمد کا کہنا تھا کہ سابق صدر نے تفتیشی ٹیم کو یہ بھی بتایا کہ انہیں سابق سعودی فرماں روا شاہ عبداللہ کی جانب سے دو مخلتف مواقع پر 6 کروڑ 50 لاکھ ڈالر بھی ملے تھے۔انہوں نے سابق صدر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ محمد بن سلمان نے انہیں یہ رقم سوڈان کے سرکاری بجٹ کے علاوہ خرچ کرنے کے لیے فراہم کی تھی اور اس رقم کو عطیات کے لیے استعمال کیا گیا۔

عدالتی ذرائع کا کہنا تھا کہ 3 لاکھ 51 ہزار ڈالر کی رقم عمرالبشیر کی رہائش گاہ سے برآمد ہوئی تھی جب انہیں گرفتار کیا گیا تھا۔ادھر سعودی عرب کی حکومت نے سوڈان کے سابق صدر کو کروڑوں ڈالر کی وصولی کے حوالے سے تاحال کوئی ردعمل نہیں دیا۔سابق صدر کوبر جیل میں قید ہیں یہ وہی جیل ہے جہاں سابق صدر اپنے دور میں اپنے ہزاروں مخالفین کو قید میں رکھتے تھے۔

یہ بھی دیکھیں

ترک صدر اردوغان نے نیتن یاہو کو غزہ کا قصائی قرار دیدیا

انقرہ:ترک صدر رجب طیب اردوغان نے نیتن یاہو کو غزہ کا قصائی قرار دیا ہے۔ترکی …