منگل , 23 اپریل 2024

عراق میں ارادۃ النصر نامی کارروائی کا چوتھا مرحلہ شروع

بغداد(مانیٹرنگ ڈیسک)عراقی فورسز نے باقی بچے دہشت گردوں کا صفایاکرنے کے لئے ارادۃ النصر نامی کارروائی کے چوتھے مرحلے کا صوبہ الانبار کے صحرائی علاقوں میں آغاز کردیا ہے۔عراق کی مشترکہ آپریشنل کمان کے سربراہ عبدالامیر رشید یاراللہ نے ہفتے کو ایک بیان میں اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ ارادۃ النصر نامی کارروائی کے تیسرے مرحلے کے اہداف کو پوری طرح حاصل کرلیا گیا ہے کہا کہ اس کارروائی کے چوتھے مرحلے میں صوبہ الانبار کے وسیع صحرائی علاقوں اور بعض دیگر حصوں میں باقی بچے داعش کے سبھی عناصر کا صفایا کردیا جائے گا ۔

عراق کی مشترکہ آپریشنل کمان کے سربراہ نے کہا کہ اس کارروائی میں الجزیرہ آپریشنل کمان ، الانبار آپریشنل کمان ، قبائلی فورسز اور الحشد الشعبی جیسی فورسز حصہ لے رہی ہیں جبکہ صوبہ الانبار کی پولیس اور عراقی فضائیہ بھی اس کارروائی میں شریک ہے –

ارادۃ النصر فوجی کارروائی کے تیسرے مرحلے می‍ں جو گذشتہ چند روز کے دوران انجام پائی دیالہ اور نینوا صوبوں کے پچیس گاؤں میں موجود داعشی دہشت گردوں کا صفایاکردیا گیا اور ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی ضبط کیا گیا -اس کارروائی میں اٹھارہ داعشی دہشت گرد گرفتار اور چار دیگر ہلاک ہوگئے ہیں –

عراقی فورسز نے ارادۃ النصر فوجی کارروائی سات جولائی کو شروع کی تھی اور اب تک اس کے تین مرحلے انجام پا چکے ہیں – عراقی افواج نے دسمبر دوہزار سترہ میں داعش کے خلاف جنگ میں فتح کا اعلان کردیا تھا تاہم باقی بچے داعشی عناصر کا صفایا کرنے کے لئے کارروائیاں جاری رہتی ہیں۔

یہ بھی دیکھیں

ترک صدر اردوغان نے نیتن یاہو کو غزہ کا قصائی قرار دیدیا

انقرہ:ترک صدر رجب طیب اردوغان نے نیتن یاہو کو غزہ کا قصائی قرار دیا ہے۔ترکی …