جمعہ , 19 اپریل 2024

شامی فوج کی ایک اور کامیابی، تمانعہ ٹاؤن بھی آزاد کرالیا

دمشق (مانیٹرنگ ڈیسک)شامی فوج نے جہبت النصرہ نامی دہشت گرد گروہ کے ساتھ شدید لڑائی کے بعد اسٹریٹیجک علاقے التمانعہ کو بھی آزاد کرالیا ہے۔پچھلے اڑتالیس گھنٹے کے دوران دہشت گردوں کے خلاف شامی فوج کی یہ دوسری کامیابی ہے۔دمشق میں دفاعی اور عسکری ذرائع نے بتایا ہے کہ شامی فوج نے جمعرات کی شام جنوب مشرقی ادلب میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں اور سپلائی لائن پر بمباری کا آغاز کیا تھا۔شامی فوج کے آپریشن کا محور اسٹرٹیجک ٹاؤن تمانعہ اور حال ہی میں آزاد ہونے والے علاقے الخوین کے درمیان واقع وسیع زرعی علاقہ تھا۔

رپورٹ کے مطابق شامی فوج دہشت گردوں کے ابتدائی ٹھکانوں پر بمباری کرنے کے بعد تیزی سے آگے بڑھی اور اس نے دشمن کے اہم مورچوں کو بھی شدید حملوں کا نشانہ بنایا۔شامی فوج کے ایک دستے نے ابتدائی کاروائی کے بعد شمالی سیکٹر سے تمانعہ ٹاون کی جانب پیشقدمی کا آغاز کیا جبکہ دو دیگر دستوں نے جنوبی اور مشرقی سمت سے علاقے میں موجود دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر حملوں کا سلسلہ جاری رکھا۔رات دیر گئے شامی فوج نے اس اسٹریٹیجک علاقے کو دہشت گردوں کے قبضے سے مکمل طور پر آزاد کرانے کے بعد سرچ آپریشن شروع کردیا جس کا مقصد دہشت گردوں کی نصب کردہ بارودی سرنگوں اور بموں کا پتہ لگا کر انہیں ناکارہ بنانا ہے۔

شامی فوج نے بدھ کے روز الخوین ٹاون کو بھی دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرانے کے علاوہ صوبہ حماہ کے مغربی علاقوں پر جبہت النصرہ کے دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنادیا تھا۔اس وقت جنوب مشرقی ادلب کا علاقہ شامی فوج اور دہشت گرد گروہوں کے درمیان لڑائی کا مرکز بنا ہوا ہے جہاں جبہت النصرہ ، اجنادالقوقاز اور حراس الدین نامی دہشت گرد گروہوں کے عناصر بڑی تعداد میں موجود ہیں۔

دوسری جانب اقوام متحد میں شام کے مستقل مندوب بشار جعفری نے سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ شام کی مشکلات کے حل کا واحد راستہ یہ ہے کہ دہشت گردوں کی حمایت کرنے والے ممالک دہشت گردوں کی مدد بند کردیںانہوں نے کہا کہ اگر دہشت گردی کے حامی ممالک اپنے اپنے حمایت یافتہ دہشت گردوں کو باہر نکال لیں تو شام کی مشکلات ختم ہوسکتی ہیں۔بشار جعفری نے آستانہ مذاکرات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ شام کے عوام ہی اپنے ملک کے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق رکھتے ہیں اور شامی حکومت اپنے عوام کی نمائندگی میں آستانہ مذاکرات کی حمایت کرتی ہے۔

یہ بھی دیکھیں

عمران خان نے تحریک انصاف کے کسی بڑے سیاسی رہنما کے بجائے ایک وکیل کو نگراں چیئرمین کیوں نامزد کیا؟

(ثنا ڈار) ’میں عمران کا نمائندہ، نامزد اور جانشین کے طور پر اس وقت تک …