جمعرات , 18 اپریل 2024

حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کر دی، نوٹیفکیشن جاری

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کر دیا، وزارت خزانہ نے پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے 59 پیسے کی کمی کا نوٹی فکیشن جاری کر دیا۔تفصیلات کے مطابق وزرات خزانہ نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا، پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 113 روپے 24 پیسے ہو گئی۔

وزارت خزانہ کے نوٹی فکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے 59 پیسے کی کمی کی گئی، جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے 33 پیسے کی کمی کی گئی، جس کے بعد ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 127 روپے 14 پیسے ہو گئی ہے۔

مٹی کے تیل کی قیمت میں 4 روپے 27 پیسے کی کمی کی گئی ہے جس کے بعد مٹی کے تیل کی فی لیٹر قیمت 99 روپے 57 پیسے ہو گئی۔لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے 63 پیسے کی کمی کی گئی، جس کے بعد لائٹ ڈیزل کی نئی قیمت 91 روپے 89 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔

وزارت خزانہ نے نوٹی فکیشن میں کہا ہے کہ قیمتوں میں کمی کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا۔یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے ٹویٹ کے ذریعے کہا تھا کہ عوام دوست حکومت نے عوام کو ریلیف دینے کے لیے عملی اقدام کا آغاز کر دیا ہے، حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فیصلہ کر لیا۔

یہ بھی دیکھیں

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی، انڈیکس 59 ہزار پوائنٹس کی سطح عبور کرگیا

کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں جمعہ کے روز کاروبار کا آغاز تیزی کے رجحان سے …