ہفتہ , 22 جنوری 2022

مصباح الحق کی پاکستان کیلئے خدمات اور اعزازات

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان کرکٹ بورڈ نے سابق کپتان مصباح الحق کو قومی ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کر دیا ہے، آئیے نظر ڈالتے ہیں کہ مصباح الحق نے پاکستان کرکٹ کے لیے کیا کیا خدامات انجام دیں اور اپنے کیرئیر میں کون کون سی کامیابیاں حاصل کیں۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کا کوچ مقرر ہونے کے بعد مصباح الحق نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے کوچنگ کسی اعزاز سے کم نہیں ہے۔مصباح الحق نے کہا کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے، قومی ٹیم کی کوچنگ ایک اہم ذمہ داری ہے اور میں اس ذمہ داری کو نبھانے کے لیے پوری طرح تیار ہوں۔

مصباح الحق بطور کھلاڑی
مصباح الحق نے بطور کھلاڑی اکتوبر 2013 میں آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں چھٹی پوزیشن حاصل کی جو ان کے کرئیر کی بہترین پوزیشن تھی۔ایک روزہ کرکٹ میں ان کی بہترین پوزیشن نمبر 7 تھی جو انہوں نے جولائی 2013 میں حاصل کی۔سابق کپتان نے 2014 میں آسٹریلیا کے خلاف ابو ظہبی میں ہونے والے ٹیسٹ میں 21 گیندوں پر تیز ترین نصف سنچری بنانے کا اعزاز حاصل کیا۔

ابو ظہبی میں ہونے والے اسی ٹیسٹ میں مصباح الحق نے 56 گیندوں پر تیز ترین سنچری بنانے کا ریکارڈ بھی برابر کیا۔ون ڈے میں بغیر کسی سنچری کے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی کا اعزاز بھی مصباح الحق کو حاصل ہے، انہوں نے ایک روزہ کرکٹ میں 42 نصف سنچریوں کی مدد 5122 رنز اسکور کیے۔تین ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپس میں گرین شرٹس کی نمائندگی کرنے والے مصباح الحق 2009 کا ورلڈ کپ جیتنے والی قومی ٹیم کا بھی حصہ رہے۔

ٹی ٹوئنٹی بلے بازوں کی رینکنگ میں مصباح الحق اپریل 2008 میں پہلے نمبر پر آئے اور 313 روز تک اس پوزیشن پر براجمان رہے۔2011 اور 2015 کا کرکٹ ورلڈ کپ کھیلنے والے مصباح الحق نے عالمی مقابلوں میں 49 اعشاریہ 83 کی اوسط سے 598 رنز اسکور کیے۔

مصباح الحق بطور کپتان
مصباح الحق نے بطور کپتان 56 ٹیسٹ میچوں میں قومی ٹیم کی قیادت کی جس میں سے 26 میں انہیں کامیابی حاصل ہوئی، 19 میں قومی ٹیم کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا اور 11 ٹیسٹ میچز بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوئے، ان کی کامیابی کا تناسب پاکستان ٹیم کے دیگر کپتانوں کے مقابلے میں سب سے زیادہ رہا۔ان کی قیادت میں پاکستان ٹیسٹ رینکنگ میں نمبر ون ٹیم بنی اور دو ماہ تک پہلے نمبر پر برقرار رہی۔2016 میں مصباح الحق نے آئی سی سی کرکٹ آف دی اسپرٹ کا ایوارڈ بھی حاصل کیا۔

مصباح پاکستان کے واحد کپتان ہیں جن کی قیادت میں گرین کیپس نے ٹیسٹ سیریز میں ویسٹ انڈیز کو شکست دی۔ان کی کپتانی میں 8 ٹی ٹوئنٹی میچز میں سے 6 میں گرین شرٹس نے کامیابی حاصل کی جب کہ دو میں پاکستان کو شکست کا سامنا رہا۔مصباح الحق نے 87 ایک روزہ میچوں میں بھی پاکستان کی قیادت کی جس میں سے 45 میں گرین شرٹس کو کامیابی حاصل ہوئی جب کہ 39 میں ان کی ٹیم کو ناکام رہی، دو میچز برابر رہے جب کہ ایک میچ بغیر کسی نتیجے کے بھی ختم ہوا۔

یہ بھی دیکھیں

یاسر شاہ مبینہ زیادتی کے مقدمے میں بے گناہ قرار

اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے مبینہ زیادتی کے مقدمے میں لیگ اسپنر …