بدھ , 24 اپریل 2024

وزیراعظم عمران خان کی اقوام متحدہ میں تقریر کے بعد مقبوضہ کشمیر میں جشن

کشمیر: وزیراعظم عمران خان کی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں مسئلہ کشمیر پر تقریر کے بعد مقبوضہ وادی میں کرفیو کے باوجود کشمیری عوام سڑکوں پر نکل آئے اور بھرپور جشن منایا۔

گزشتہ روز عمران خان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت کو دنیا کے سامنے بے نقاب کیا اور مسلسل محاصرے اور ذرائع مواصلات کی بندش کے باعث کشمیر یوں کو درپیش مصائب و مشکلات کو بھر پور اور مؤثر انداز میں اجاگر کیا۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جیسے ہی وزیراعظم عمران خان کی تقریر ختم ہوئی تو بھارتی فوج کی جانب سے کرفیو اور سخت سیکیورٹی کے باوجود مقبوضہ وادی کے مختلف علاقوں میں کشمیری گھروں سے نکل آئے۔

کشمیری عوام نے بھر پور جشن منایا، پٹاخے بھی چلائے اور خوشی سے رقص بھی کیا، اس موقع پر لوگوں نے پاکستان اور آزادی کے حق میں جبکہ بھارت کے خلاف فلک شگاف نعرے بھی لگائے۔

واضح رہے کہ بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر میں 5 اگست سے کرفیو نافذ کر رکھا ہے جس کے باعث کشمیری اپنے گھروں میں قید ہو کر رہ گئے ہیں، 56 روز سے انٹرنیٹ موبائل سروس اور کاروبار بند ہیں جبکہ ہزاروں نوجوانوں کو کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت گرفتار کیا جاچکا ہے۔

یہ بھی دیکھیں

رحیم یار خان : دو قبیلوں میں تصادم کے دوران آٹھ افراد جاں بحق

رحیم یار خان:رحیم یار خان کے نزدیک کچھ ماچھک میں دو قبیلوں میں تصادم کے …