ہفتہ , 20 اپریل 2024

کراچی میں بارشیں، پی ڈی ایم اے نے ہلاکتیں نہ ہونے کا دعویٰ کر دیا

کراچی: سندھ کی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے دعویٰ کیا ہے کہ کراچی میں گزشتہ 3 روز کے دوران طوفانی بارشوں میں کسی بھی قسم کا نقصان نہیں ہوا۔

تفصیلات کے مطابق پی ڈی ایم اے نے کراچی میں بارشوں کے دوران کسی بھی قسم کے نقصان کے نہ ہونے کا دعویٰ کر دیا، اتھارٹی کا کہنا ہے کہ کراچی میں بارشوں کے دوران کوئی ہلاکت نہیں ہوئی۔

پی ڈی ایم اے کا یہ بھی دعویٰ ہے کہ حالیہ بارشوں میں کسی بھی املاک کو نقصان نہیں پہنچا، بارشوں میں شارٹ سرکٹ سے صرف ایک خاتون زخمی ہوئی۔

دوسری طرف حالیہ بارشوں میں کراچی میں کرنٹ لگنے سے اب تک 9 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، جن میں 2 سگے بھائی بھی شامل ہیں۔

گزشتہ روز ریسکیو ذرایع نے کہا تھا کہ ہجرت کالونی میں کرنٹ لگنے سے 8 سالہ ارمان جاں بحق ہو گیا، جب کہ ناظم آباد موسیٰ کالونی کے قریب کرنٹ لگنے سے 2 بھائی جاں بحق ہوئے تھے۔

پولیس کے مطابق سائٹ ایریا میں ہوٹل میں بیٹھے 2 افراد پر بجلی کے تار ٹوٹ کر گر گئے تھے جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوئے۔

کراچی میں بجلی سپلائی کرنے والی کمپنی کے الیکٹرک کی ناقص حکمت عملی کے باعث ایک بار پھر شہر میں کرنٹ لگنے سے ہلاکتوں کے واقعات پیش آئے لیکن پی ڈی ایم اے نے عجیب دعویٰ کر دیا ہے کہ بارشوں میں ہلاکتوں سمیت کوئی نقصان نہیں ہوا۔

یاد رہے کراچی میں جولائی سے شروع ہونے والی مون سون بارشوں میں کرنٹ لگنے کے واقعات میں 30 سے زاید افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔

یہ بھی دیکھیں

رحیم یار خان : دو قبیلوں میں تصادم کے دوران آٹھ افراد جاں بحق

رحیم یار خان:رحیم یار خان کے نزدیک کچھ ماچھک میں دو قبیلوں میں تصادم کے …