جمعرات , 18 اپریل 2024

زلزلے کے بعد تعمیر نو اور بحالی آزاد کشمیر حکومت کی اولین ذمہ داری ہے: فاروق حیدر

میرپور: وزیراعظم آزاد کشمیر محمد راجہ فاروق حیدر کا کہنا ہے کہ زلزلہ متاثرہ علاقوں میں تعمیر نو اور بحالی کے عمل کو مکمل کرنے کا کام تین مراحل میں کیا جائے گا۔

اپنے ایک بیان میں فاروق حیدر خان کا کہنا تھا کہ ریسیکو اور ریلیف میں بھرپور معاونت کرنے پر پاک فوج، این ڈی ایم اے کے شکر گزار ہیں، تعمیر نو اور بحالی آزادکشمیر حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ 2005 میں سٹی ڈویلپمنٹ پراجیکٹس کے حوالے سے آزاد حکومت نے اپنی ذمہ داری پوری نہیں کی جس کی وجہ سے آج تک یہ پراجیکٹس مکمل طورپر فعال نہیں ہوسکے، وہ تجربہ دوہرانا نہیں چاہتے۔

ان کا کہنا تھا کہ زلزلہ کے بعد پاکستان بھر کے لوگوں نے جس ہمدردی کا اظہار کیا وہ قابل تحسین ہے ہم زلزلہ دو ہزار پانچ کے تجربے سے سبق سیکھتے ہوئے اس مرتبہ تعمیر نو اور بحالی کے عمل کو مثالی بنائیں گے۔

وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ انشاءاللہ متاثرین پہلے سے زیادہ بہتر انداز میں زندگی گزاریں گے، جب بھی آزادکشمیر پر کوئی بھی آفت پڑی پاکستانی عوام اور حکومتوں نے ہمارے لیے فراخدلی کا مظاہرہ کیا۔

کشمیر کے موضوع پر وزیراعظم آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ وزیراعظم پاکستان نے اقوام متحدہ میں کشمیریوں کی بہترین ترجمانی کی، جس پر ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

یہ بھی دیکھیں

رحیم یار خان : دو قبیلوں میں تصادم کے دوران آٹھ افراد جاں بحق

رحیم یار خان:رحیم یار خان کے نزدیک کچھ ماچھک میں دو قبیلوں میں تصادم کے …