بدھ , 24 اپریل 2024

ڈیوس کپ ٹائی پاکستان سے منتقل کرنا غیرمنصفانہ عمل ہے: اعصام الحق

لاہور: پاکستان کے ٹینس اسٹار اعصام الحق نے کہا ہے کہ عالمی ٹینس فیڈریشن کی جانب سے ڈیوس کپ ٹائی کا وینیو پاکستان سے منتقل کرنا غیرمنصفانہ عمل ہے۔

تفصیلات کے مطابق آئی ٹی ایف نے ڈیوس کپ ٹائی کی میزبانی پاکستان سے واپس لے لی ہے، پاکستان اور بھارت کا مقابلہ رواں ماہ کے اختتام پر 29 اور 30 نومبر کو اسلام آباد میں ہونا تھا۔

عالمی ٹینس فیڈریشن کے اس عمل پر اعصام الحق نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے غیرمنصفانہ قرار دیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ یہ خبر افسوس ناک اور حیران کن بھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سیکیورٹی کے کوئی خدشات نہیں ہیں، اس سے قبل سری لنکن ٹیم سیریز کھیل کرگئی، بنگلادیش کی ویمن ٹیم پاکستان میں ہی موجود ہے۔

ٹینس اسٹار کا مزید کہنا تھا کہ حال ہی میں برطانوی جوڑا پاکستان آیا، اس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ ہمارا ملک ایک پرامن ملک ہے، اس کے باوجود ایسے فیصلوں کا ہونا خوصلہ شکنی کے مترادف ہے۔

واضح رہے کہ آئی ٹی ایف نے پاکستان ٹینس فیڈریشن سے کہا ہے کہ ڈیوس کپ میں بھارت سے مقابلے کے لیے پانچ روز میں نیوٹرل وینیو کا فیصلہ کرے۔

مولانا مارچ کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بھارتی ٹینس ایسوسی ایشن(اے آئی ٹی اے) نے انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ میچ کے لیے متبادل میدان کا انتخاب کریں، ایسے حالات میں کھیلنا ممکن نہیں ہے۔

خیال رہے کہ ڈیوس کپ ٹائی کے میچز 14 اور 15 ستمبر کو اسلام آباد میں ہی کھیلے جانے تھے لیکن پاک بھارت کشیدگی کے باعث ملتوع کردیے گئے تھے، جس کے بعد نئی تاریخ 29 اور 30 نومبر طے کی گئی۔

یہ بھی دیکھیں

بنگلا دیشی حکمراں جماعت عوامی لیگ کی شکیب الحسن کے الیکشن لڑنے کی تصدیق

ڈھاکہ:بنگلا دیش کی حکمراں جماعت عوامی لیگ نے کرکٹ ٹیم کے کپتان شکیب الحسن کے …