ہفتہ , 20 اپریل 2024

ٹرمپ نے مواخذے کی کارروائی سینیٹ میں کرنے کی خواہش ظاہر کردی

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے خلاف مواخذے کی کارروائی امریکی سینیٹ میں ہونے کی خواہش ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں اپنے خلاف مواخذے کا ٹرائل چاہتا ہوں جو امریکی سینیٹ میں ہو۔

قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ میں شائع رپورٹ کے مطابق فوکس نیوز چینل کے فاکس اینڈ فرینڈز پروگرام میں ڈونلڈ ٹرمپ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھ پر لگے تمام الزامات ختم ہوجائیں گے۔

امریکی صدر نے کہا کہ ’سچ کہوں تو میں ٹرائل چاہتا ہوں‘ کیونکہ انہیں نہیں لگتا کہ ایوان نمائندگان ان پر مواخذہ کرے گا۔

ڈونلڈ ٹرمپ کا مزید کہنا تھا کہ ’مجھے لگتا ہے کہ اگر ان کے پاس کچھ بھی نہیں ہے تو انہیں مواخذہ کرنے میں بہت مشکل ہوگی‘۔

واضح رہے ڈونلڈ ٹرمپ کا بیان ایسے وقت پر سامنے آیا ہے جب مواخذے کی تحقیقات میں دو ہفتوں کی عوامی سماعت کے دوران 12 گواہوں نے بیانات ریکارڈ کرالیے ہیں۔

ڈیموکریٹک کے زیرقیادت ایوان اس بات کی تحقیقات کررہا ہے کہ آیا ڈونلڈ ٹرمپ نے یوکرائن پر کسی سیاسی حریف کے خلاف تحقیقات کے لیے دباؤ ڈال کر اپنے اقتدار و اختیارات کا غلط استعمال کیا۔

واضح رہے کہ 17 نومبر کو امریکا کے قومی سلامتی کے ادارے کے سابق اہلکار ٹِم موریسن نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مواخذے کی کارروائی میں گواہی دیتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں سونڈ لینڈ نے بتایا تھا کہ یوکرین کے لیے امریکی امداد مشروط ہے اور اس کی شرط یہ ہے کہ یوکرین سابق امریکی نائب صدر جو بائیڈن اور ان کے بیٹے ہنٹر بائیڈن کے خلاف تحقیقات کا اعلان کرے۔

یاد رہے کہ 25 ستمبر کو امریکی صدر کے خلاف باقاعدہ مواخذے کی کارروائی شروع کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔

امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پیلوسی نے ڈونلڈ ٹرمپ پر عہدے اور اختیار کا غلط استعمال کرنے کے الزامات کے تحت مواخذے کی کارروائی کا اعلان کیا تھا۔

ان کے اس اعلان کے بعد امریکی سیاست نے امریکا کے صدارتی انتخابات سے13 ماہ قبل ہی نیا موڑ لے لیا ہے۔

یہ بھی دیکھیں

عمران خان نے تحریک انصاف کے کسی بڑے سیاسی رہنما کے بجائے ایک وکیل کو نگراں چیئرمین کیوں نامزد کیا؟

(ثنا ڈار) ’میں عمران کا نمائندہ، نامزد اور جانشین کے طور پر اس وقت تک …