ہفتہ , 20 اپریل 2024

مغربی معاشرت کی پیروی مسلمانوں کے تنزل کا باعث ہے : علامہ محمد امین شہیدی

اسلام آباد: انجمن طلباء اسلام کے زیر اہتمام انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد میں محفلِ میلاد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے حجت الاسلام و المسلمین علامہ محمد امین شہیدی حفظہ اللہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا وہ انجمن طلباء اسلام کو محفلِ میلاد کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر مسرت کا اظہار کرتے  ہوئے کہا کہ اس محفل نعت میں ہر مکتبہ فکر کے لوگ موجود ہے۔ انہوں نے بانیان و حاضرینِ محفل کو مستقبل میں ایسی ہی محفلوں کا انعقاد کرانے اور آپس میں جڑے رہنے کی تاکید کی۔حجت الاسلام و المسلمین علامہ محمد امین شہیدی حفظہ اللہ نے کہا کہ اسلام مسلمانوں کو آپس میں محبت سے رہنے کے ساتھ ساتھ غیر مذہب کے پیروکاروں سے بھی اچھا سلوک روا رکھنے کا درس دیتا ہے تاہم مسلمانوں نے آج اسلام کی تعلیمات کو بھلا دیا ہے وہ قرآن اور رسول ؐ سے محبت کی بات تو کرتے ہیں لیکن قرآن اور رسول ؐ کی تعلیمات پر عمل نہیں کرتے ۔ آج مسلمانوں کی مشکل یہ ہے کہ وہ ایک دوسرے کے لیے شدید ہو گئے ہیں اور آپس میں ہی لڑ رہے ہیں، جس کی وجہ فہمِ دین کا نہ ہونا ہے۔ آج دنیا میں جتنے بھی اسلامی ممالک ہیں وہ مختلف مشکلات کا شکار ہیں کیونکہ انہوں نے اپنے ملک اور معاشرے کےلیے اسلام کو رول ماڈل نہیں بنایا بلکہ ترقی یافتہ ممالک کے معاشرت اور انتظام و انصرام کو اپنے لیے رول ماڈل سمجھا ہے نتیجتًا مسلمان ممالک غیروں کے آگے ہاتھ پھیلائے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج اگر کہیں جنگ ہو رہی ہے تو وہ مسلم ممالک میں ہو رہی ہے اور مسلمان ہی مسلمان کو قتل کر رہا ہے اس سے ہم اندازہ لگا سکتے ہیں کہ اسلام دشمن عناصر اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب ہو رہے ہیں اور یہ دشمنانِ اسلام کا ہی منصوبہ ہے کہ وہ مسلمانوں کو آپس میں لڑا کر مصروف رکھیں، اپنا اسلحہ بیچتے رہیں اور مسلمانوں کو ترقی، علم و دانش کے راستوں سے ہٹا کر تاریکیوں میں دھکیل دیں۔انہوں نے کہا کہ آج مسلمان آپس میں لڑ نہ رہے ہوتے تو کشمیر اور فلسطین کی یہ حالت نہ ہوتی۔ لہٰذا ہمیں چاہیے کہ ہم دینِ اسلام کی غایت و مقصد کو سمجھیں، اس پر عمل کریں، اور آپس میں متحد رہیں۔

 

 

یہ بھی دیکھیں

عمران خان نے تحریک انصاف کے کسی بڑے سیاسی رہنما کے بجائے ایک وکیل کو نگراں چیئرمین کیوں نامزد کیا؟

(ثنا ڈار) ’میں عمران کا نمائندہ، نامزد اور جانشین کے طور پر اس وقت تک …