جمعرات , 18 اپریل 2024

امتحان دیے بغیر، گھر بیٹھے ہی کام یابی کی سند حاصل کریں!

چند غیر ضروری اعلانات

آپ کا اپنا اسکول
انٹرنیشنل انگلش آکسفورڈ اسکول آپ کا اپنا اسکول ہے جو تعلیم کے جدید ترین اصولوں پر کھولا گیا ہے۔

چند خصوصیات:
فیس کا معیار نہایت اعلیٰ، شہر کا کوئی اور اسکول فیس کے معاملے میں ہمارے اسکول کا مقابلہ نہیں کرتا۔ انواع و اقسام کے چندے اس کے علاوہ ہیں۔ جن کی تفصیل پرنسپل صاحب کے دفتر سے معلوم کی جاسکتی ہے۔
ساتذہ، نہایت محنتی، ایمان دار اور قناعت پسند جن کو بیش قرار تنخواہوں پر رکھا گیا ہے۔ عام ٹیچر کی تنخواہ بھی ہمارے ہاں میونسپل کارپوریشن کے جمعدار سے کم نہیں اور پرنسپل کا مشاہرہ تو کسی بڑی سے بڑی غیر ملکی کمپنی کے چوکی دار کی تنخواہ سے بھی زیادہ ہے۔

چھٹیاں:
چھٹیوں کے معاملے میں بھی ہمارا اسکول دوسرے تمام اسکولوں پر فوقیت رکھتا ہے۔ ہر ماہ فیس جمع کرانے کے دن کے علاوہ قریب قریب پورا سال چھٹی رہتی ہے۔ جو والدین سال بھر کی فیس اکٹھی جمع کرا دیں ان کے بچوں کو فیس کے دن بھی حاضری دینے کی ضرورت نہیں۔

ماحول:
اسکول نہایت مرکزی اور پُر رونق جگہ پر واقع ہے اور شہر کا سب سے قدیمی اوپن ایر اسکول ہے۔ یہاں طلبا کو مناظرِ فطرت سے محبت کرنا سکھایا جاتا ہے۔ بالکل سامنے ایک سنیما ہے اور ایک سرکس۔ ایک بغل میں موٹر گیراج ہے اور دوسری طرف گٹر باغیچہ جس کی کھاد سارے شہر کو ہرا بھرا رکھنے کی ضامن ہے۔ پروفیسر کیوی کے اصولوں کے مطابق یہاں پڑھائی کتابوں سے نہیں کرائی جاتی بلکہ کسی اور طرح بھی نہیں کرائی جاتی تاکہ طالب علم کے ذہن پر ناروا بوجھ نہ پڑے۔

نتیجہ:
اسکول کا نتیجہ کم از کم سو فی صد رہتا ہے۔ کئی بار تو دو سو ڈھائی فی صد بھی ہوجاتا ہے کوئی شخص خواہ وہ طالب علم ہو یا غیر طالب علم۔ اس اسکول کے پاس سے بھی گزر جائے تو پاس ہوئے بنا نہیں رہ سکتا۔ طالبِ علموں پر امتحان میں بیٹھنے کی کوئی پابندی نہیں، سب کو گھر بیٹھے کام یابی کی سندیں بھیج دی جاتی ہیں۔

(ابنِ انشا کی کتاب خمارِ گندم سے خوشہ چینی۔ طنز ومزاح سے بھرپور یہ سطور تعلیم کے تجارت بننے کے رجحان کی عکاسی کرتی ہے)

یہ بھی دیکھیں

موسم حج کا آغاز ہوا ۔ تصاویر

اسلامی کیلینڈر کے آخری مہینے ذی الحجہ میں موسم حج کا آغاز ہو چکا ہے …