عراقی پارلیمنٹ میں سائرون دھڑ ے نے عراق سے امریکی فوج کو نکال باہر کرنے کے بل کا جائزہ لینے کے لئے قومی سطح کا اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا ہےعراقی پارلیمنٹ میں سائرون دھڑے کے رہنما علا الربیعی نے منگل کو بغداد میں اس بات کا ذکرکرتے ہوئے کہ عراق میں امریکی فوج کی موجودگی ملک کی سلامتی اور استحکام کو خطرے سے دوچار کررہی ہے کہا کہ عراق کی سبھی جماعتوں اور اقوام و مذاہب کو چاہئے کہ ملک سے امریکی فوج کو نکال باہر کرنےکے سلسلے میں ایک ٹھوس فیصلہ لینے کے عمل میں شریک ہوں ۔ عراقی پارلیمنٹ میں سلامتی اور دفاع سے متعلق کمیٹی کے رکن کریم المحمداوی نے بھی کہا ہے کہ واشنگٹن امریکی فوج کو نکالنے کے بارے میں عراقی پارلیمنٹ کے بل کو کالعدم قراردینے اور عین الاسد فوجی چھاؤنی امریکا کے ہی اختیار میں رہنے کے لئے بغداد پر دباؤ ڈال رہا ہے –
تین جنوری کو بغداد ہوائی اڈے کے قریب ایران کی سپاہ قدس کے کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی اور عراق کی عوامی رضاکار فورس کے ڈپٹی کمانڈر ابو مہدی المہندس کو دہشت گرد امریکی فوج کے حملے میں شہید کردئے جانے کے بعد عراقی پارلیمنٹ نے پانچ جنوری کو عراق سے امریکی فوج کے انخلا کا بل واضح اکثریت سے پاس کردیا تھا – پارلیمنٹ سے امریکی فوج کے انخلا کا بل پاس ہونے کے بعد بہت سے عراقی حکام اس بات پر زور دے رہے ہیں کہ امریکی فوج کو جلد سے جلد عراق سے نکل جانا چاہئے –