بدھ , 24 اپریل 2024

تم کیسے زندہ ہوگئیں ؟ خاتون کو دیکھ کر دوست کی چیخیں نکل گئیں

قاہرہ : بیوی کو مردہ ظاہر کرکے بینک کا قرضہ معاف کرانے اور انشورنس کی رقم حاصل کرنے والے شخص کو 20سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق مصر کی ایک عدالت نے جعل سازی کے الزام میں ایک شخص اور اس کے ساتھی کو 20 بیس سال قید کی سزا دی ہے، ملزم پر الزام ہے کہ اس نے اپنی اہلیہ کو مردہ ظاہر کرتے ہوئے بیمہ کمپنی سے بڑی رقم حاصل کی اور بیوی کے نام سے

بینک سے حاصل کیا جانے والا قرضہ بھی معاف کرایا۔ عدالت نے خاتون کا جعلی ڈیتھ سرٹیفکیٹ تیار کرنے والے ملزم کو بھی 20 سال قید بامشقت کی سزا دی ہے۔مصری ذرائع ابلاغ کے مطابق قاہرہ کے جنوبی علاقے میں مقیم ایک شخص نے اپنی اہلیہ کے ساتھ مل کر اس کے نام سے بینک سے60 ہزار مصری پونڈ کا قرض لیا جبکہ30 ہزار پونڈ کی بیمہ پالیسی بھی حاصل کی۔

بیمہ پالیسی حاصل کرنے کے کچھ دن بعد ملزم نے اپنے ایک واقف کار کے ساتھ مل کر اہلیہ کا جعلی ڈیتھ سرٹیفکیٹ جاری کرایا جس میں لکھا تھا مریضہ کینسر میں مبتلا تھی جو بائی اوپسی ٹیسٹ کے بعد جانبر نہ ہو سکیں۔ملزم نے اسپتال کی جعلی رپورٹ کی بنیاد پر اپنی زندہ اہلیہ کو مردہ ثابت کر تے ہوئے لائف انشورنس میں کلیم داخل کردیا جہاں سے اسے 30ہزار مصری پونڈ ملنے کی امید تھی۔

دوسری جانب ملزم نے بیوی کے نام سے بینک سے60 ہزار پونڈ قرض بھی لے رکھا تھا،جسے معاف کرانے کے لیے اس نے اہلیہ کی موت کا سرٹیفکیٹ بینک میں جمع کرا دیا۔ملزم اپنی جانب سے تمام کاغذی کارروائی مکمل کرچکا تھا تاہم قسمت اس کے ساتھ نہیں تھی، اتفاق سے بیوی کی سابق ساتھی خاتون کی ملاقات بازار میں اس سے ہو گئی جسے دیکھتے ہی اس نے شور مچاتے ہوئے کہا یہ تو زندہ ہے۔

خاتون کا شور سن کر وہاں لوگ جمع ہو گئے تاہم اس دوران خود ساختہ مردہ خاتون کو بھیڑ سے بھاگنے کا موقع مل گیا۔ کاغذوں میں مردہ خاتون کی ساتھی نے اس بات کا انکشاف اپنے دفتر میں بھی کر دیا جہاں سے بات انشورنس کمپنی تک جا پہنچی۔ بعد ازاں پولیس نے ملزمان کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کردیا۔

یہ بھی دیکھیں

حماس کے خلاف جنگ میں اسرائیل کو 53 ارب ڈالر کا نقصان ہوا، صہیونی مرکزی بینک

یروشلم:صہیونی مرکزی بینک نے طوفان الاقصی کے بعد ہونے والے معاشی نقصانات کے بارے میں …