ہفتہ , 20 اپریل 2024

’بھارتی یوسین بولٹ‘ کا اولمپکس کیلئے ٹرائلز دینے سے انکار

نئی دہلی: بھارت کی ریاست کرناٹک سے تعلق رکھنے والے سرینیواس گوڑا جنہیں ’بھارتی یوسین بولٹ‘ کے نام سے پکارا جاتا ہے، انہوں نے اولمپکس کیلئے ٹرائل دینے سے انکار کردیا۔فرانسیسی خبر رساں ایجنسی کے مطابق سرینیواس نے بھینسوں کو دوڑانے کے روایتی کھیل (کمبالا) میں اپنی بھینسوں کے تیز ترین دوڑنے کا ریکارڈ قائم کیا تھا جس کے بعد انہیں یوسین بولٹ سے تشبیہہ دی جانے لگی اور بھارتی حکام نے انہیں ٹوکیو اولمپکس کے ٹرائلز کیلئے طلب کرلیا۔

یوسین بولٹ نے 100 میٹر کی ریس 9.58 سیکنڈ میں مکمل کرکے ورلڈ ریکارڈ قائم کیا تھا جبکہ سرینیواس نے 142.5 میٹر کی دوڑ 13.62 سیکنڈز میں مکمل کی۔ اس حساب سے انہوں نے 100 میٹر کی دوڑ 9.55 سیکنڈز میں مکمل کی۔سرینیواس کو اس کارکردگی پر سوشل میڈیا پر خوب پذیرائی ملی اور بھارتی وزارت کھیل نے انہیں ٹریک اینڈ فیلڈ ایونٹ میں ٹرائل کیلئے طلب کرلیا تاکہ ممکن ہوتو انہیں اولمپکس میں بھی بھیجا جاسکے۔

لیکن 28 سالہ سرینیواس نے شکریہ کے ساتھ یہ پیشکش مسترد کردی۔ ان کا کہنا ہے کہ میں بھارت کے اسپورٹس اتھارٹی کے ٹرائل میں شریک نہیں ہوں گا کیوں کہ میں کمبالا میں زیادہ نام کمانا چاہتا ہوں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ’کمبالہ کا میلہ اور ریسنگ ٹریک دو الگ چیزیں ہیں اور جو لوگ ایک میں بہتر کرتے ہیں ضروری نہیں کہ وہ دوسرے میں بھی کامیاب ہوں‘۔سرینیواس نے کہا کہ بہت سے لوگ ہیں جنہوں نے اس ٹریک میں کامیابی حاصل کی مگر وہ کمبالا میں کامیابی حاصل نہ کرسکے۔

واضح رہے کہ کمبالا کا کھیل پانی سے بھرے کھیتوں میں کھیلا جاتا ہے جس میں ایک شخص ایک ساتھ بندھے دو بھینسوں کو پکڑ کر 142 میٹر تک بھاگتا ہے۔سرینیواس کا کہنا تھا کہ میں نے اپنے خواب میں بھی نہیں سوچا تھا کہ میں اتنا مشہور ہوجاؤں گا، اس کامیابی کی سہرا میری بھینسوں کو جاتا ہے جنہوں نے میرے ساتھ بھر پور تعاون کیا۔

یہ بھی دیکھیں

حماس کے خلاف جنگ میں اسرائیل کو 53 ارب ڈالر کا نقصان ہوا، صہیونی مرکزی بینک

یروشلم:صہیونی مرکزی بینک نے طوفان الاقصی کے بعد ہونے والے معاشی نقصانات کے بارے میں …