جمعہ , 19 اپریل 2024

سعودی خواتین اور مرد حضرات مل کر تاش کھیلنے لگے

سعودی عرب میں پہلی بار خواتین نے غیر محرم مرد حضرات کے ساتھ تاش کھیل کر نہ صرف نئی تاریخ رقم کردی بلکہ حیران کن طور پر خواتین نے ابتدائی مراحل میں منجھے ہوئے مرد کھلاڑیوں کو شکست بھی دی۔یہ پہلا موقع ہے کہ تاش کے پتوں کے کھیل کی ٹورنامنٹ میں خواتین کو بھی شامل ہونےکی اجازت دی گئی ہے، اس سے قبل اس ٹورنامنٹ میں صرف مرد حضرات ہی حصہ لینے کے اہل تھے۔تاش کے پتوں کا کھیل سعودی عرب سمیت تمام خلیجی ممالک میں مقبول ہے اور خواتین گھروں میں بھی تاش کھیلتی دکھائی دیتی ہیں۔زیادہ تر نوجوان خواتین اپنے والدین اور بھائیوں کے ساتھ بھی گھروں میں تاش کا کھیلتی رہی ہیں اور اسی وجہ سے سعودی عرب کے مرد حضرات کی طرح خواتین بھی اس کھیل کی ماہر بن چکی ہیں۔

گزشتہ ماہ سعودی عرب کی انٹرٹینمنٹ اتھارٹی نے تصدیق کی تھی کہ اس بار تاش ٹورنامنٹ میں پہلی بار خواتین کو بھی کھیلنے کی اجازت دی جائے گی اور اب اس ٹورنامنٹ میں درجنوں خواتین کھلاڑیوں نے تاش کے پتوں کے اعلیٰ کھیل کا مظاہرہ کرکے مرد حضرات کو بھی حیران کردیا۔خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق ہر سال ہونے والی تاش چیمپیئن شپ میں اس بار خواتین کی تقریبا 2 درجن ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں اور خواتین کی ٹیمیں مرد حضرات کی ٹیموں سے بھی مقابلہ کر رہی ہیں۔رپورٹ کے مطابق خواتین کی متعدد ٹیموں نے ابتدائی مرحلے میں مرد حضرات کی ٹیموں کو شکست دے کر اگلے راؤنڈ کے لیے کوالیفائے بھی کرلیا تاہم کئی خواتین کی ٹیمیں ٹورنامنٹ کے اگلے مرحلے میں جگہ نہ بنا سکیں۔

تاش ٹورنامنٹ کا آغاز فروری کے پہلے ہی ہفتے میں ہوگیا تھا اور یہ ٹورنامنٹ 22 فروری تک جاری رہے گی۔اسی ٹورنامنٹ کے حوالے سے عرب نیوز نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ تاش ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 520 ٹیموں نے حصہ لیا ہے جب کہ ٹورنامنٹ میں 18 ہزار کے قریب کھلاڑی اپنا کھیل پیش کریں گے۔تاش ٹورنامنٹ کی ہر ٹیم 2 کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگی اور پہلا مرحلہ جیتنے والی ٹیم اگلے مرحلے میں جائے گی۔

مجموعی طور پر ٹورنامنٹ میں تاش کے 8 ہزار سے زائد مختلف کھیل پیش کیے جائیں گے اور ان کھیلوں میں کامیاب ہونے والی محض 4 ٹیموں کو بڑے انعامات سے نوازا جائے گا۔ٹورنامنٹ کے آخری مقابلوں میں پہنچنے والی چار ٹیموں میں مجموعی طور پر 20 لاکھ ریال کے انعامات تقسیم کیے جائیں گے۔پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم کو 10 لاکھ ریال جب کہ دوسری پوزیشن لینے والی کو 5 لاکھ، تیسرے پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم کو 3 لاکھ اور چوتھی پوزیشن لینے والی ٹیم کو 2 لاکھ ریال کے انعامات دیے جائیں گے۔

 

یہ بھی دیکھیں

ترک صدر اردوغان نے نیتن یاہو کو غزہ کا قصائی قرار دیدیا

انقرہ:ترک صدر رجب طیب اردوغان نے نیتن یاہو کو غزہ کا قصائی قرار دیا ہے۔ترکی …