بدھ , 24 اپریل 2024

کورونا وائرس: بانی فیس بک کی عالمی ادارہ صحت کو مفت اشتہارات کی پیشکش

فیس بک کے بانی مارک زکر برگ نے عالمی ادارہ صحت کو کورونا وائرس سے متعلق غلط خبریں روکنے کے لیے مفت اشتہارات کی پیشکش کردی۔مارک زکر برگ کا اپنی پوسٹ میں کہنا تھا کہ ہم ڈبلیو ایچ او کو ان کی ضرورت کےمطابق مفت اشتہارات کا موقع دے رہے ہیں جس کا مقصد کورونا وائرس سے متعلق درست معلومات کی ترسیل ہے۔انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس سے متعلق عالمی ادارہ صحت جتنے چاہے اشتہارت فیس بک پر چلا سکتا ہے۔

سی ای او  کے مطابق ایسے افراد کوبلاک کیا جائے گا جو اشتہارات کا ناجائز استعمال کریں گے، مثال کے طور پر کسی نے اپنی پروڈکٹ کے حوالے سے دعویٰ کیا ہو کہ اس کے استعمال سے مرض ٹھیک ہوجائے گا تو اسے بلاک کردیا جائے گا۔خیال رہے کہ گزشتہ دنوں ایسے بھی واقعات سامنے آئے ہیں جن میں کئی پروڈکٹس کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ ان کے استعمال سے کورونا وائرس سے بچا جاسکتا ہے۔

اس حوالے سے فیس بک نے حکمت عملی بنالی ہے جس کا مقصد صارفین کو درست و تصدیق شدہ معلومات کی فراہمی، غلط معلومات یا اطلاعات کو روکنا اور تصدیق شدہ اعداد وشمار پیش کرنا ہے۔صارفین فیس بک پر ’کورونا وائرس‘ لکھیں گے تو ان کے سامنے ایک پوپ اپ آئے گا جس سے انہیں عالمی ادارہ صحت یا مقامی ہیلتھ اتھارٹی کی جانب سے تصدیق شدہ تازہ ترین معلومات فراہم کی جائیں گی۔خیال رہے کہ گزشتہ دنوں فیس بک نے بھی کورونا وائرس کے باعث سالانہ ڈیویلپر کانفرنس منسوخ کردی  ہے جبکہ یہ کانفرنس رواں برس مئی میں امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر سان ہوزے میں ہونا تھی۔

یاد رہے کہ چین کے شہر ووہان سے پھیلنے والے مہلک کورونا وائرس سے چین میں اب تک 2981 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 80 ہزار 282 ہے جس میں سے 50 ہزار افراد صحتیاب ہوچکے ہیں۔چین کے علاوہ کورونا وائرس 60 سے زائد ممالک میں پھیل چکا ہے جہاں اب تک 240 افراد زندگی کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ سب سے زیادہ ہلاکتیں ایران، اٹلی اور جنوبی کوریا میں ہوئی ہیں۔

یہ بھی دیکھیں

گوگل ایپ میں سرچ بار کی جگہ تبدیل کرنے کی تیاری

کیلیفورنیا: 2021 میں آزمائے جانے کے بعد گوگل ایپ اینڈرائیڈ میں دوبارہ اسکرین پر نیچے …