جمعرات , 25 اپریل 2024

دل کو رکھنا ہے توانا تو زیتون کے تیل کا آدھا چمچہ روزانہ

فینکس: امریکا میں کئے گئے ایک تازہ تحقیق کے خلاصے سے معلوم ہوا ہے کہ جو لوگ اپنی روزمرہ غذا میں آدھا چمچہ زیتون کا تیل شامل رکھتے ہیں، انہیں دل کے مختلف امراض کا خطرہ بھی بہت کم ہوتا ہے۔
ہارورڈ ٹی ایچ چین اسکول آف پبلک ہیلتھ، بوسٹن میں پی ایچ ڈی کی طالبہ مارٹا گواش فیرے اس تحقیق کی مرکزی مصنفہ ہیں جن کا کہنا ہے کہ دل کی صحت پر زیتون کے تیل کے مثبت اثرات یورپی اور یوریشیائی آبادیوں میں واضح ہوچکے ہیںلیکن یہ پہلا موقع ہے جب امریکی آبادی کےلیے زیتون کے تیل کی افادیت بھی ثابت ہوگئی ہے۔ہم یہ کہہ سکتے ہیں کہ زیتون کا تیل کم و بیش ہر رنگ و نسل کے لوگوں کے لیے مفید ہے۔اس کی ایک اہم وجہ یہ بھی ہے کہ زیتون کا تیل ’’اومیگا تھری فیٹی ایسڈ‘‘ کہلانے والے پروٹین سے بھرپور ہوتا ہے جو دل، دورانِ خون اور دماغ تک کو فائدہ پہنچاتا ہے۔

اس تحقیق کے لیے امریکیوں میں کھانے پینے کی عادات اور معمولات سے متعلق کیے گئے وسیع مطالعات میں حاصل شدہ اعداد و شمار کا تجزیہ کیا گیا، جو 1990 تک کا احاطہ کرتے ہیں۔تجزیئے کی روشنی میں یہ بات سامنے آئی کہ جو لوگ روزانہ (کسی نہ کسی صورت میں) زیتون کے تیل کا آدھا چمچہ یا اس سے کچھ زائد مقدار اپنی غذا میں شامل رکھتے ہیں،ان میں دل کے امراض کا عمومی خطرہ 15 فیصد تک کم ہو جاتا ہے جبکہ دل تک خون پہنچانے والی شریانیں تنگ ہونے کے نتیجے میں ہونے والے امراضِ قلب کی شرح 21 فیصد تک گھٹ جاتی ہے۔البتہ، حالیہ مطالعے میں اضافی طور پر یہ بات بھی سامنے آئی کہ زیتون کے تیل کے علاوہ مختلف سبزیوں کا تیل بھی دل کی صحت کے لیے مفید ہے۔لہذا زیتون کا تیل میسر نہ ہو تو کوئی سا بھی معیاری سبزیجاتی تیل (ویجیٹیبل آئل) دل کو یکساں طور پر فائدہ پہنچا سکتا ہے۔مذکورہ تحقیق کی تفصیلات امریکن ہارٹ ایسوسی ایشن کے تحت فینکس، ایریزونا میں منعقدہ ’’لائف اسٹائل اینڈ کارڈیو میٹابولک ہیلتھ سائنٹفک سیشنز‘‘ میں پیش کی گئیں۔

 

یہ بھی دیکھیں

ہاتھ سے کھانے کے فوائد اور نقصانات

اسلام آباد:اگرچہ لوگ جانتے ہیں کہ کھانے کے لیے ہاتھ کا استعمال چمچوں یا کانٹوں …