جمعرات , 25 اپریل 2024

کورونا وائرس کا اگلا عالمی مرکز ‘امریکا’ ہوسکتا ہے، عالمی ادارہ صحت

عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی وبا کا اگلا عالمی مرکز امریکا بن سکتا ہے۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ‘رائٹرز’ کے مطابق جنیوا میں ڈبلیو ایچ او کی ترجمان مارگریٹ ہیرِس نے صحافیوں کو بتایا کہ امریکا میں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔امریکا کے وبا کا نیا عالمی مرکز بننے سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ‘ہم دیکھ رہے ہیں کہ امریکا میں کیسز بہت تیزی سے بڑھ رہے ہیں اس لیے اس کا وبا کا عالمی مرکز بننے کا امکان ہے۔’دوسری جانب امریکا کے چند ریاستی اور مقامی حکام نے وفاقی حکومت کے اقدامات میں باہمی روابط میں کمی کا گلہ کرتے ہوئے کہا کہ مقامی قوانین نے انہیں اشیا کی سپلائی کی مسابقت میں لاکھڑا کیا ہے۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی اس مشکل کا اعتراف کیا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ میں ان کا کہنا تھا کہ ‘چہروں کے ماسک اور وینٹی لیٹرز کی عالمی مارکیٹ اس وقت بہت جنونی ہے، ہم ریاستوں سے ساز و سامان کی فراہمی میں تعاون کر رہے ہیں لیکن یہ آسان نہیں ہے۔’واضح رہے کہ امریکا میں کورونا وائرس سے 42 ہزار سے زائد افراد متاثر اور 559 ہلاک ہوچکے ہیں۔گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران دنیا بھر میں کورونا وائرس کے کیسز میں سے 85 فیصد امریکا اور یورپ میں سامنے آئے، جن میں سے تقریباً 40 فیصد امریکا کے تھے۔

 

یہ بھی دیکھیں

ہاتھ سے کھانے کے فوائد اور نقصانات

اسلام آباد:اگرچہ لوگ جانتے ہیں کہ کھانے کے لیے ہاتھ کا استعمال چمچوں یا کانٹوں …