ہفتہ , 20 اپریل 2024

فالج زدہ چوہوں میں احساس اور حرکت بحال کرنے کا کامیاب تجربہ

سویڈن: سائنس دانوں نے ایک اہم تجربے میں فالج زدہ چوہوں میں احساس اور حرکت بحال کرنے کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔سویڈن کی لیونڈ یونیورسٹی کے ماہرین نے انسانی جلد کے خلیات کو ری پروگرام کرکے انہیں اعصابی خلیات میں تبدیل کیا ہے۔ اس کے بعد یہ خلیات فالج سے متاثرہ چوہوں میں لگائے گئے تو ان چوہوں میں احساس اور حرکت کی حس پیدا ہوئی جس سے فالج زدہ مریضوں کی بحالی کی امید پیدا ہوئی ہے۔

پروفیسر زال کوکیا اور اولے لِنڈوال نے یہ تجربات انجام دیئے ہیں اور انہوں نے تبدیل شدہ انسانی خلیات کو چوہوں پر منتقل کیا ہے۔ اس کی تفصیلات نیشنل اکیڈمی آف سائنسس کی پروسیڈنگز میں شائع ہوئی ہیں۔ماہرین کے مطابق انسانی خلیات کو عصبی خلیات میں تبدیل کرنے کے بعد انہیں فالج سے اپاہج چوہوں میں منتقل کیا گیا تو چھ ماہ بعد فالج سے ہونے والے جسمانی نقصان کا کچھ حد تک ازالہ ہوا۔ اس سے قبل سائنس دانوں کا یہی گروہ کئی تجربات سے ثابت کرچکا ہے کہ انسانی جلد سے حاصل شدہ خلیاتِ ساق (اسٹیم سیل) کو دماغی خلیات میں تبدیل کرکے لقوے سے متاثرہ چوہوں تک منتقل کیا جاسکتا ہے۔

سائنس دانوں نے الیکٹرون مائیکرو اسکوپ اور دیگر طریقوں سے اس پورے عمل کا جائزہ لیا یعنی درست طریقے سے جڑنے پر خلیات میں برقی سرگرمی کے شرارے بھی دیکھےگئے۔ اس طرح فالج سے تباہ شدہ اعصابی سرکٹ بحال ہونے لگے یہاں تک کے عصبی ریشے دماغ کے متاثرہ حصے پربھی اگنا شروع ہوگئے۔اس کامیابی کے بعد امید پیدا ہوئی ہے کہ فالج سے متاثرہ افراد میں مستقل تباہ ہوجانے والے اعصاب کی دوبارہ بحالی ممکن ہوسکتی ہے لیکن انسانوں میں اس کی منزل ابھی بہت دور ہے۔

یہ بھی دیکھیں

ڈائری لکھنے سے ذہنی و مدافعتی صحت پر کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں؟

لندن:کمپیوٹرائزڈ اور اسمارٹ موبائل فون کے دور میں اب اگرچہ ڈائریز لکھنے کا رجحان کم …