جمعرات , 25 اپریل 2024

اسرائیل: گینٹس اور نیتن یاہو حکومت سازی میں ناکام

اسرائیل کی دو اہم سیاسی جماعتیں مقررہ وقت یعنی بدھ کی نصف شب سے پہلے اتحادی حکومت کے سلسلے میں کسی معاہدہ پرنہیں پہنچ سکیں جس سے ملک میں 2019کے بعد سے چوتھی مرتبہ انتخابات ناگزیر دکھائی دے رہے ہیں۔

مقامی میڈیا کے مطابق مقررہ وقت ختم ہوجانے کے باوجود نیتن یاہو کی لیکوڈ اور بینی گینٹس کی بلیو اینڈ وہائٹ پارٹی کے درمیان صلاح و مشورہ جاری ہے۔

اسرائیلی صدر ریوین ریولین نے ان خبروں کے بعد کہ دونوں پارٹیوں کے درمیان بات چیت میں ’اہم پیش رفت‘ ہورہی ہے اسرائیلی پارلیمان کے اسپیکر بینی گینٹس اور وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہوکو کسی معاہدہ تک پہنچنے کی مدت میں 48 گھنٹے کی توسیع کردی تھی۔ لیکن مقررہ وقت ختم ہوجانے کے باوجود نہ تو گینٹس کی بلیو اینڈ وہائٹ پارٹی نے اور نہ ہی نیتن یاہو کی لیکوڈ پارٹی نے کسی معاہدے پر پہنچنے کے حوالے سے اعلان کیا۔ اسرائیلی میڈیا کی خبرو ں کے مطابق مقررہ وقت گزر جانے کے باوجود دونوں جماعتیں کسی معاہدے کے سلسلے میں بات چیت کررہی ہیں۔

اگر دونوں جماعتیں اتحادی حکومت قائم کرنے میں ناکام رہتی ہیں توملکی قانون کے مطابق اسرائیلی پارلیمان کو 21 دنوں کے اندر حکومت کی تشکیل کے لیے کسی امیدوار کو منتخب کرنا ہوگا۔ لیکن اتنے محدود وقت میں اس طرح کے کسی متفقہ فیصلے کی امید بہت کم ہے۔ اگر پارلیمان کوئی امیدوار منتخب کرنے میں ناکام رہتی ہے، یا منتخب شخص 14 دنوں کے اندر حکومت سازی میں ناکام رہتا ہے تو اسرائیلیوں کو ایک بار پھر انتخاب میں حصہ لینے کے لیے کہا جائے گا۔

گینٹس اس سے قبل بھی نیتن یاہو کی قیادت والی حکومت میں شامل ہونے سے انکار کرچکے ہیں۔ سمجھا جاتا ہے کہ نیتن یاہو اقتدار میں شراکت کے ایسے فارمولے پر رضامند ہوسکتے ہیں جس کے تحت وہ اور بینی گینٹس یکے بعد دیگر وزیر اعظم بن سکیں گے جب کہ گینٹس پہلے وزیر اعظم کاعہدہ سنبھالیں گے۔

یہ امر قابل ذکر ہے کہ نیتن یاہو کو جعل سازی، رشوت خوری او راعتماد شکنی جیسے الزامات کے تحت مقدمات کاسامنا ہے۔کورونا سے پیدا شدہ حالات کے پیش نظر اسرائیل کی ایک عدالت نے انہیں تھوڑی راحت دتے ہوئے مقدمے کے سماعت24مئی تک کے لیے ملتوی کردی ہے۔

اسرائیل میں کورونا وائرس کی وبا کے مدنظر سیاسی جماعتوں پر کسی معاہدہ پر پہنچنے کے لیے عوام کا دباو بڑھتا جارہا ہے۔کیوں کہ یہ امید کی جارہی ہے کہ اتحادی حکومت کے قیام کی صورت میں ملک میں کورونا وائرس سے پیدا شدہ بحران کا زیادہ موثر طور پر مقابلہ کیا جاسکے گا۔کورونا وائرس کی وجہ سے اسرائیل میں اب تک 130افراد ہلاک اور 12500 سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔

 

یہ بھی دیکھیں

عمران خان نے تحریک انصاف کے کسی بڑے سیاسی رہنما کے بجائے ایک وکیل کو نگراں چیئرمین کیوں نامزد کیا؟

(ثنا ڈار) ’میں عمران کا نمائندہ، نامزد اور جانشین کے طور پر اس وقت تک …