ہفتہ , 20 اپریل 2024

پی سی بی کا لاک ڈاؤن کے باعث کھلاڑیوں کیلیے آن لائن کوچنگ کا انعقاد

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کورونا لاک ڈاؤن کے باعث کھلاڑیوں کے لیے آن لائن کوچنگ کا فیصلہ کیا ہے۔پی سی بی نے کھلاڑیوں کی رہنمائی کے لیے آن لائن کوچنگ کا فیصلہ کیا ہے جس میں ویڈیو کانفرنس کے ذریعے کھلاڑیوں کو معروف سابق کرکٹرز ٹپس دیں گے۔اس سے قبل پی سی بی نے آفیشلز اور قومی کرکٹرز کی ویڈیو کانفرنس کا سلسلہ شروع کیا تھا جب کہ اسی دوران کرکٹرز کے آن لائن فٹنس ٹیسٹ بھی لیے گیے جس کا مقصد کھلاڑیوں کو متحرک رکھنا تھا۔

تاہم اب ‏ ویڈیو لنک کے ذریعے جاوید میانداد اور وسیم اکرم سمیت ماضی کے عظیم کرکٹرز راشد لطیف، معین خان، محمد یوسف، یونس خان اور مشتاق احمد آن لائن سیشنز کریں گے جس میں وہ کھلاڑیوں کو لاک ڈاؤن کے دوران اپنے وقت کا مفید استعمال کرنے کے حوالے سے آگاہ کریں گے۔‏یہ سیشنز مختلف کٹیگریز میں جاری رہیں گے، جاوید میانداد، محمد یوسف اور یونس خان 3 مختلف سیشنز میں 21 بلے بازوں سے مخاطب ہوں گے۔اسی طرح وسیم اکرم اور شعیب اختر 13 فاسٹ بولرز، مشتاق احمد 6 اسپنرز جب کہ معین خان اور راشد لطیف 5 وکٹ کیپرز کو آن لائن لیکچرز دیں گے۔

‏آن لائن کوچنگ کا سلسلہ پیر سے شروع ہوگا جس میں ‏آئی سی سی ہال آف فیم کے رکن جاوید میانداد دوپہر میں پہلا آن لائن سیشن کریں گے۔وسیم اکرم منگل کو فاسٹ بولرز کے آن لائن سیشن سے خطاب کریں گے جس کے بعد راشد لطیف اور مشتاق احمد بدھ اور جمعرات کو بالترتیب وکٹ کیپرز اور اسپنرز کے سیشنز میں شرکت کریں گے جب کہ آئندہ ہفتے محمد یوسف، یونس خان معین خان اور شعیب اختر ٹپس دیں گے۔اس متعلق ‏قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق کا کہنا ہے کہ ہمیں انگلینڈ سیریز کو ذہن میں رکھتے ہوئے اپنی تیاری کرنی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان عظیم کھلاڑیوں کی اکثریت انگلینڈ میں پاکستان کی کامیابیوں کا حصہ رہی ہے لہٰذا ان کا تجربہ موجودہ کرکٹرز کے لیے سیریز کی تیاری میں کارگر ثابت ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ آن لائن سیشنز میں زیر بحث موضوعات میں ورک ایتھکس، کھیل تک رسائی، منصوبہ بندی، پریکٹس، دباؤ کی صورتحال میں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کا طریقہ کار اور ہائی پروفائل کھلاڑیوں کی حیثیت سے چیلنجز سے نمٹنا شامل ہے۔

یہ بھی دیکھیں

بنگلا دیشی حکمراں جماعت عوامی لیگ کی شکیب الحسن کے الیکشن لڑنے کی تصدیق

ڈھاکہ:بنگلا دیش کی حکمراں جماعت عوامی لیگ نے کرکٹ ٹیم کے کپتان شکیب الحسن کے …