ہفتہ , 20 اپریل 2024

چین اور امریکہ کے مابین جنگ کا امکان

چین کے ایک سرکاری اور سکیورٹی ادارے نے کہا ہے کہ بیجنگ اور واشنگٹن کے مابین جاری لفظی جنگ، براہ راست فوجی جنگ میں بدل سکتی ہے۔آئی آر آئی بی کی رپورٹ کے مطابق چین کے ایک سرکاری ادارے نے کہا ہے کہ کورونا وائرس سے متعلق چین کے خلاف امریکہ کے الزامات اور دعوے دونوں ملکوں کے مابین فوجی جنگ کا سبب بن سکتے ہیں۔چینی حکام نے دعوی کیا ہے کہ چین کی قومی سلامتی کی وزارت میں امریکہ اور چین کا فوجی جائزہ لینے سے متعلق ایک رپورٹ تیار کی گئی ہے جو چینی صدر شی جین‌پینگ کے حوالے کر دی گئی ہے۔

دوسری جانب چین کی وزارت خارجہ نے دنیا بھرمیں کورونا وائرس پھیلانے کے امریکی الزام کو ایک بار پھر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ اپنی نااہلی سے توجہ ہٹانے کے لیے الزام تراشی پر اتر آئی ہے۔ صدر ٹرمپ اور ان کے وزرا چین پر الزامات لگانے کے بجائے اپنے ملک اور قوم پر توجہ دیں جو ناکافی سہولیات کے باعث بڑی مشکل میں پھنس گئے ہیں۔چین کی وزارت خارجہ نے اس بیان میں امریکہ کی جانب سے کورونا وائرس کی ووہان لیبارٹری میں تیاری کے الزام کی بھی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ، عالمی ادارہ صحت اور دیگر اداروں کی جانب سے بارہا انکار کے باوجود امریکہ اپنی ہٹ دھرمی پر قائم ہے۔اس سے قبل امریکی وزیر خارجہ مائیک پمپئو نے دعویٰ کیا تھا کہ چین کے ووہان انسٹیٹیوٹ آف وائرولوجی میں کورونا وائرس کی تیاری کے بارے میں واضح شواہد مل گئے ہیں ۔

یہ بھی دیکھیں

غزہ صورتحال پر سعودیہ سمیت مسلم ممالک کے وزرائے خارجہ چین کا دورہ کریں گے

ریاض: سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے بتایا ہے کہ غزہ کی موجودہ …