جمعرات , 25 اپریل 2024

وزیراعظم نے بین الاقوامی پروازوں کی بحالی کیلئے گرین سگنل دے دیا

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے بین الاقوامی پروازوں کی بحالی کے لیے گرین سگنل دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ایکشن پلان تیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

اسلام آباد میں وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں کورونا کے حوالے سے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اعدادو شمار پر بریفنگ دی گئی، اس موقع پر وزیراعظم نے کابینہ ارکان کو ضابطہ کار(ایس او پیز) پر سختی سے عمل درآمد کروانے کی ہدایت کی۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس میں انٹرنیشنل فلائٹس کی بحالی کا معاملہ بھی زیر بحث آیا اور ذرائع کے مطابق وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز زلفی بخاری نے انٹرنیشنل فلائٹس کھولنے کا مطالبہ کیا۔

ذرائع کے مطابق حکومت نے اوورسیزپاکستانیوں کے لیے مرحلہ وار انٹرنیشنل فلائٹس بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور وزیراعظم عمران خان نے متعلقہ حکام کو ایکشن پلان تیار کرنے کی ہدایت بھی کردی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ابتدائی طورپر عرب ممالک کے لیے بین الاقوامی پروازیں بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور سب سے پہلے بےروزگار ہونے والے مزدور اور محنت کشوں کو وطن واپس لایا جائے گا،خلیجی ممالک سے پاکستانیوں کی محفوظ وطن واپسی کے بعد اگلا مرحلہ شروع ہوگا۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ اوورسیزپاکستانی ہمارے دل کے قریب ہیں انہیں مشکل وقت میں تنہانہیں چھوڑیں گے،کورونا وبا کے باعث لاکھوں پاکستانی روزگارسے محروم ہوئے جس کا دکھ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں اوورسیز پاکستانیوں کو درپیش مشکلات کا اندازہ ہے،حکومت پاکستان اپنے ہم وطن بہن بھائیوں کی ہر ممکن مدد کے لیے تیار ہے۔

خیال رہے کہ حکومت نے کورونا وائرس کی روک تھام کے پیش نظر 21 مارچ سے بین الاقوامی پروازوں پر پابندی عائد کررکھی ہے جس کے باعث بیرون ملک سے وطن واپس آنے کے خواہش مند لاکھوں پاکستانی پریشانی کا شکار ہیں۔

یہ بھی دیکھیں

رحیم یار خان : دو قبیلوں میں تصادم کے دوران آٹھ افراد جاں بحق

رحیم یار خان:رحیم یار خان کے نزدیک کچھ ماچھک میں دو قبیلوں میں تصادم کے …