ہفتہ , 20 اپریل 2024

احسان مانی: ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اس سال ممکن نہیں، دورہ انگلینڈ کے لیے کوئی خطرہ مول نہیں لیں گے

پاکستانی کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی کے مطابق اس سال ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا انعقاد ممکن نہیں ہے۔

ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ آئی سی سی کی فنانس کمیٹی کے چیئرمین کی حیثیت سے وہ جانتے ہیں کہ اس ٹورنامنٹ کا انعقاد اس برس ممکن نہیں ہو سکے گا۔

انھوں نے کہا کہ اب سوال صرف یہ ہے کہ اگر اس سال یہ ایونٹ نہیں ہوتا ہے تو پھر اگلے سال اس کی میزبانی کون کرے گا کیونکہ اگلے سال ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا میزبان انڈیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی بھی اس نکتے پر نظر رکھے ہوئے ہیں کہ کرکٹ کووڈ 19 کی وبا کے دور میں کیسے تبدیل ہو گی اور یہی وجہ ہے کہ انھوں نے انگلینڈ کے دورے کو اہمیت کا حامل قرار دیا ہے۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اس سال ممکن نہیں
احسان مانی نے رواں برس ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سے متعلق فیصلوں کے بارے میں تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ اگرچہ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں کووڈ 19 کو کافی حد تک کنٹرول کیا جا چکا ہے لیکن آسٹریلوی حکومت اس بارے میں بہت محتاط ہے۔

انھوں نے کہا کہ ’بائیو ببل‘ اور بغیر تماشائیوں کے کرکٹ دو طرفہ سیریز کی حد تک تو صحیح ہے لیکن یہ زیادہ ٹیموں کے سلسلے میں ممکن نہیں ہے۔

احسان مانی کا کہنا ہے کہ ایسا دکھائی دیتا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ آئندہ سال تک مؤخر کر دیا جائے گا۔

’یہ بہت بڑا خطرہ ہو گا کہ کسی بڑے ٹورنامنٹ کے دوران کسی کھلاڑی کو انفیکشن ہو جائے جس سے پریشانی بہت زیادہ بڑھ جائے گی۔‘

انھوں نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے بارے میں فیصلہ کرنے میں تاخیر کی وجہ یہ ہے کہ اس میں کئی سٹیک ہولڈرز ہیں اور اس کا براڈ کاسٹر سٹار گروپ ہے اس کے علاوہ ایسوسی ایٹس کی رائے بھی اہم ہے لہٰذا امید ہے کہ اگلے تین چار ہفتوں میں فیصلہ ہو جائے گا۔

دوسری جانب اس مشکل صورتحال میں ہم انگلینڈ کرکٹ بورڈ کی مدد کررہے ہیں۔ یہ دورہ انگلینڈ کرکٹ اور ورلڈ کرکٹ کے لیے بہت ضروری ہے ۔انگلینڈ کرکٹ بورڈ کو ایک طرح سے لائف لائن مل رہی ہے۔

احسان مانی کا کہنا ہے کہ اس دورے کے عوض وہ انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کو اس بات پر مجبور نہیں کررہے ہیں کہ وہ اپنی ٹیم جوابی دورے پر پاکستان بھیجے۔ انگلینڈ کرکٹ بورڈ کے اعلی حکام سے بات چیت جاری ہے اور انہیں امید ہے کہ انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم 2022ءمیں اپنی خوشی سے پاکستان کے دورے پر آئے گی۔

یہ بھی دیکھیں

بنگلا دیشی حکمراں جماعت عوامی لیگ کی شکیب الحسن کے الیکشن لڑنے کی تصدیق

ڈھاکہ:بنگلا دیش کی حکمراں جماعت عوامی لیگ نے کرکٹ ٹیم کے کپتان شکیب الحسن کے …